اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی اعلیٰ قیادت پر مشتمل ایک وفدنے صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں یہاں زرداری ہائوس میں پاکسان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر محترمہ فریال تالپور سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر ، سردار محمد یعقوب،قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف، سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور، سیکرٹری
اطلاعات جاوید ایوب ملاقات میں شریک تھے اس موقع پر سابق سینئر مشیر آزاد حکومت چوہدری محمد ریاض اور مرکزی رابطہ سیکرٹری عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔ فریال تالپور نے آزادکشمیر کے آمدہ الیکشن 2021 کے حوالے سے پارٹی رہنمائوں سے تفصیلی مشاورت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے الیکشن میں پیپلز پارٹی تنہا الیکشن لڑے گی۔ کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ 20 اپریل کو پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے تمام امیدواروں کے درخواستوں کے فوراً بعد پارٹی کا پارلیمانی بورڈ اُن سے انٹرویو کر کے ٹکٹ جاری کر دے گا تاکہ امیدواروں کو انتخابی مہم کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت مل سکے۔ محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر بلاشبہ ایک فعال و محترک پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزادکشمیر کے عام انتخابات میں انتخابی مہم کے موقع پر مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے دورے بھی کرینگے۔ انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آزادکشمیر کے تمام حلقوں بشمول مہاجرین جموں و ویلی کے حلقوں میں باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں