19 ہزار سرکاری نوکریاں کن لوگوں کو دینے کا اعلان کر دیا گیا؟

اہور(آئی این پی )معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی کمیونٹی بین المذاہب ہم آہنگی کا حسین مظہر ہے وطن عزیز میں قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے میں مسیحی کمیونٹی اپنا بھرپورکردار ادا کررہی ہے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور حقوق حاصل ہیں اقلیتوں کو مین اسٹریم کا حصہ بنایا جارہا ہے، ان کیلئے سرکاری اداروں میں

جاب کیلئے 5فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس کے تحت19ہزار سرکاری نوکریاں اقلیتوں کو دینے جارہے ہیں۔مسیحی برادری کی شادیوں کے نادرا میں اندراج کا آغاز کیا جارہاہے جبکہ اعلی تعلیم کے اداروں میں 2فیصد کوٹہ اقلیتی قابل طالبعلموں کی حوصلہ کیلئے مختص کیا ہے۔ یوحنا آباد کو 30کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل سوسائٹی میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔زبردستی مذہب کی تبدیلی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بناناحکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔قائد اعظم نے اقلیتوں کے ساتھ جو وعدوں کیے ان کو پورا کرنے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم سیالکوٹ میں ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری میں چیکس تقسیم کرنے اور کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدرسنٹرل پنجاب اقلیتی ونگ جان محبوب، پادری شمشاداوروائس چیئرمین ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ اصغر علی چیمہ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پنجاب روزگار اسکیم کے تحت وزیر اعلی عثمان بزدار 2کروڑ سے زائد نوجوانوں کوبااختیار بنانے جارہے ہیں،بینک آف پنجاب اس اسکیم میں اہم کردار کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے آن لائن ڈیجیٹل مارکٹنگ کیلئے پنجاب روزگار اسکیم کے تحت ونڈو اوپن کرنے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ میں 10کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کئے گئے ہیں اورضلع سیالکوٹ میں 7ہزار295بزرگ شہریوں اور6ہزار 385فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی بھی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ساڑھے 4لاکھ بزرک شہریوں کو پہلی ڈوز لگائی جاچکی اس سلسلہ میں صوبہ پنجاب میں کل 126ویکسی نیشن سنٹرز کام کررہے ہیں۔گذشتہ3روزکے دوران ضلع سیالکوٹ کورونا پازیٹو کا تناسب 18فیصد تک جاپہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔اب ویکسی نیشن کے پراسس کو آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے این اے 75سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کے بارے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈسکہ کے الیکشن کو متنازعہ بنانے کیلئے ن لیگ کی شازشیں رنگ لائی ہیں۔کمشنر,آر پی او, ڈی سی اور ڈی پی اوز سمیت تمام ضلعی افسران تبدیل ہوئے لیکن آر او تبدیل نہیں ہوئے جن کی ذمہ داری تھی۔الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن غیر جانبدارانہ اور شفاف بنائے۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ملنے والی ہدایات پر صوبائی حکومت مکمل معاونت کیلئے تیار ہیں۔حمزہ شہباز شریف سمیت تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز ڈسکہ میں موجود ہیں۔آر او صاحب نے کیا ایسا قدم اٹھایا جس سے قوم کو یہ میسج ملے کے شفاف الیکشن ہونے جارہاہے۔پارٹی کی سطح پر شفقت محمود نے حکومت کہ جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن اپنی مرضی کے افراد تعینات کرتے ہیں۔آر او کا عمل پہلے بھی جانبدارانہ تھا اور اگر اب بھی اپوزیشن کو نوٹس جاری نہ ہوا تو ہمارے دعوے کی تصدیق ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ منشیات فروش, قبضہ مافیا اور غنڈہ گردی سے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی تیاریاں کررہی ہے۔پی ٹی آئی کوضمنی الیکشن میں فتح ملی۔ انہوں نے کہاکہ 10اپریل کو ہونے والے الیکشن میں کورونا کی وجہ سے عوام کیسے اپنا حق رائے دہندگی انجام دیں گے اور ان کی موت کا ذمہ دار کون ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں