وزیراعظم عمران خان نے ملک میں لاک ڈائون کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہم لاک ڈاؤن پر مجبور ہو جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان عوام سے ٹیلی فون کال پر مخاطب ہوءے اور کہا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے اور زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاہم بدقسمتی سے لوگ احتیاط نہیں کر رہے۔ نجی ٹی وی ہم نیو زکے مطابق انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں پاکستان کو اللہ نے زیادہ نقصان سے بچایا جبکہ یورپ میں لوگوں کو ویکسین لگانے کے باوجود لاک ڈاؤن کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کر رہے اور فیکٹریاں بھی کھلی ہیں لیکن اللہ نہ کرے اگرحالت زیادہ خراب ہو گئے تو پھر ہم بھی مجبور ہوجائیں گے۔ باقی دنیا میں جہاں بھی لاک ڈاؤن لگا وہاں سب سے زیادہ غریب لوگ متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ لوگ ماسک لازمی پہنیں اور پہلے سے زیادہ احتیاط کریں۔دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں تشویشناک حالت کا شکار کورونا مریضوں کی تعداد وبا کی شروعات سے اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹو یٹ میں اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 3 ہزار 568 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی جو کہ کورونا کی شروعات سے اب تک بلند ترین سطح پر ہے۔اسد عمر نے شہریوں سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لئے انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں مہلک وبا ء کو رونا سے مزید 81 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 778 ہو گئی۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 5 ہزار 20 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار 908 ہوگئی ہے جن میں سے ایکٹو کیسز کی تعداد 60 ہزار 72 ہے۔ کورونا سے متاثر 3 ہزار 568 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 55 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 20 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.02 فیصد رہی۔سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 378 ہو گئی، پنجاب 2 لاکھ 31 ہزار 73، خیبرپختونخوا 91 ہزار 439، بلوچستان میں 19 ہزار 734 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 60 ہزار 911، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 52 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 13 ہزار 321 تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں