راولاکوٹ (آئی این پی) ضلع پونچھ میں (آج)4 اپریل اتوار سے مکمل لاک ڈائون کا اعلان کردیا گیا ،ایک روز قبل جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں ترمیم کی گئی ہے جس کے مطابق تین اور چار اپریل کی درمیانی شب سے گیارہ اپریل تک ضلع بھر میں مکمل لاک ڈائون ہو گا، جبکہ قبل ازیں جاری حکم نامے کے مطابق جملہ سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات ، سکولز ، کالجز و یونیورسٹیز و دیگر مدارس 18 اپریل تک مکمل طور پر بند رہیں گے ۔ اندرون و بیرون ضلع
سمیت انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو گی ۔ سرکاری و پرائیویٹ دفاتر ماسوائے لازمی سروسز کے حامل ادارہ جات جن میں محکمہ مال، پولیس، صحت عامہ، برقیات، نادرہ ، جنگلات کا فیلڈ سٹاف، ریسکیو 1122 ، سول ڈیفنس و پبلک ہیلتھ کے علاوہ دیگر تمام سرکاری وپرائیویٹ محکمہ جات بھی 11 اپریل تک بند رہیں گے ۔ ضلع پونچھ میں کھیلوں کی جملہ سرگرمیوں پر بھی 11 اپریل تک مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ضلع ہذا میں جملہ مالی عدالتیں بھی اس دوران بند رہیں گی ۔ کاروباری مراکز سوائے سبزی ،فروٹ، کریانہ سٹور، تندور ،بیکری، دودھ کی دکانات، گیس سلنڈرز کی ایجنسیز کے علاوہ دیگر تمام کاروباری مراکز پر بھی پابند عائد ہو گی ۔ پابندی سے مستثنیٰ دکانات بھی صبح 8 تا شام5 بجے کے اوقات کار پر پابندی کریں گی۔ ضلع ہذا میں سیاحوں کی آمد پر بھی دوہفتوں کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ہوٹلز ،شادی ہالز، ریسٹورینٹس کی انڈور و آئوٹ ڈور دونوں سروسز پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ حکم نامہ کے مطابق لاک ڈائون کی نسبت ایک ہفتہ کے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت ضابطہ قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، گزشتہ روز ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر پونچھ کاشف حسین نے ایس ایس پی پونچھ چوہدری ذوالقرنین سرفراز ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حیات خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر سیاب افضل کیانی کے ہمراہ صحافیوں کولاک ڈائون کے حوالہ سے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر پونچھ کاشف حسین نے کہا کہ ہمیں تاجران سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی مشکلات کا پوری طرح احساس ہے لیکن یہ سخت فیصلہ انسانی جانیں بچانے کیلئے کیا گیا ، اتوار سے لاک ڈائون کا فیصلہ جملہ ذمہ داران کی مشاورت سے نافذ کیا گیا ہے اس دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں سمیت سخت قسم کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، ضلع پونچھ میں مثبت
کیسز کی شرح تیس فیصد سے تجاوز کرچکی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے ، اسی طرح شرح اموات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ، اگر اس موقع پر احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو اس سے بھی سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے کیونکہ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، اسلئے عوام کو بھی ہر صورت احتیاطی تدابیراپنا نا ہوں گی ، ماسک کا استعمال لازم ہو گا ، ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے کئے جائیں گے ، ہر گزرتے دن کے ساتھ مثبت کیسز دوگنا ہو رہے ہیں اور اگر یہی صورت حال برقرا ررہی تو آنے والے دنوں میں صورتحال یورپ سے زیادہ خوفناک ہو جائے گی اور بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، تاجران ، ٹرانسپورٹرز ، علماء کرام ، میڈیا اور دیگر مکاتب فکر کے تعاون سے ہی ہم پھیلائو کی موجودہ شرح کو کم کر سکتے ہیں ، رواں ماہ میں پونچھ میں 18 سے اموات واقع ہوئی ہیں ، اس حوالہ سے مجسٹریٹس اور پولیس کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ تمام صورت حال کا جائزہ لیں گے اور جہاں خلاف ورزیاں رونما ہوں گی وہاں سخت کارروائیاں کی جائیں گی ، ، پونچھ میں کورونا وائرس کے پھیلائو اور اموات کی شرح گزشتہ ایک سال دوران بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ہر گزرتا دن قہر بن رہا ہے ، ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود بھی احتیاط کریں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں ، غیر ضروری سفر اور بازاروں میں آنے سے گریز کیا جائے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں