اسلام آباد(پی این آئی)برطانیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے جس کے بعد وہ پاکستانی جن کے پاس برطانیہ میں رہائشی حقوق نہیں ہیں برطانیہ نہیں جا سکیں گے۔ برطانیہ کی جانب سے اس پابندی کا اطلاق آئندہ
جمعے یعنی نو اپریل کو ہوگا۔ پاکستان کے ساتھ بنگلہ دیش، کینیا اور فلپائن کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔انھوں نے کہا کہ ’برطانیہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی سرحدوں کے حوالے سے صورت حال کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لیتا رہا ہے۔‘’اس حوالے اپ ڈیٹ دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو برطانیہ سفر کرنے کے حوالے سے ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان سے صرف ان افراد کو برطانیہ سفر کرنے کی اجازت ہوگی جو برطانوی یا آئرش شہری ہیں یا ان کے پاس برطانیہ میں رہائش کے حقوق ہیں۔‘برطانوی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے افراد کے لیے بھی برطانیہ پہنچنے پر 10 دن کے لیے قرنطینہ ہوٹل کے اخراجات برداشت کرنا لازمی ہوگا۔ ان اقدامات کا اطلاق آئندہ جمعہ یعنی 9 اپریل صبح چار بجے سے ہوگا۔‘کرسچیئن ٹرنر نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں جاری رہیں گی تاہم ان کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔ اس لیے سفر کرنے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئر لائن سے معلومات حاصل کر لیں۔‘برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات پر یقین رکھنے والوں کے لیے اس خبر کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ سفر کرنے کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری دیکھتے رہیں کہ ان اپ ڈیٹ سے وہ کس طرح متاثر ہوئے ہیں اور قرنطینہ ہوٹل کی بکنگ کیسے کی جا سکتی ہے۔ کیونکہ دس دن کے لیے قرنطینہ ہوٹل میں قیام لازمی ہوگا۔خیال رہے کہ برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ، قطر، برازیل سمیت 35 ممالک پہلے ہی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں