اب ہم شادی نہیں کررہے، صبا قمر نے عظیم خان کے حوالےسے اعلان کر کے تہلکہ مچا دیا

لاہور (آئی این پی) اداکارہ صبا قمر نے شادی کے فیصلے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عظیم خان سے تعلقات ختم کر نے کا اعلان کردیا۔اداکارہ صبا قمر نے چند روز پہلے کاروباری شخص عظیم خان کے ساتھ شادی کرنے کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ صبا قمر کی شادی کے اعلان کے بعد ایک خاتون نے ان کے منگیتر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

تاہم صبا قمر نے عظیم خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں عظیم پر مکمل بھروسہ ہے۔ لیکن اب اچانک صبا قمر نے عظیم خان سے تعلق ختم کرکے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔صبا قمر نے انسٹاگرام پر تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میں ایک اہم اعلان کرنا چاہتی ہوں، کچھ نجی وجوہات کی وجہ سے میں نے عظیم خان سے تمام تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب ہم شادی نہیں کررہے۔ امید کرتی ہوں کہ آپ سب میرے فیصلے میں میرا ساتھ دیں گے بالکل اس طرح جیسے آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ اور مجھے لگتا ہے تلخ حقیقتوں کا ادراک کرنے میں کبھی دیر نہیں ہوئی۔صبا قمر نے مزید کہا میں ایک اور اہم بات کی وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ میں زندگی میں کبھی عظیم خان سے نہیں ملی ہم صرف فون کے ذریعے ہی رابطے میں تھے۔ یہ میرے لیے مشکل وقت ہے لیکن جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ انشا اللہ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close