وزیر اعظم آزاد کشمیر فوری طور پر سپریم کورٹ، ہائی کورٹ میں مستقل چیف جسٹس کا تقرر کریں، الحاق پاکستان کنونشن میں سردار عتیق احمد خان کا مطالبہ

مظفرآباد (پی این آئی) قائد مسلم کانفرنس و سابق وزیرا عظم آزاد کشمیرسردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی قیادت نے اپنی آدھی سے زائد زندگی عوامی حقوق کی جدوجہد کے پیش نظر جیلوں میں گزاری جس کے بعد ہی کشمیر ی عوام کو ان کے حقوق حاصل ہوئے۔ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق ایک لمحہ میں نہیں ملے بلکہ اس کیلئے طویل جدوجہد کی گئی۔غیر ریاستی جماعتیں آزادکشمیر میں دھاندلی لے کر

آئیں۔غیر ریاستی جماعتوں نے آزادکشمیر کے عوام کو دیا کیا ہے جو وہ ان سے ووٹ مانگ رہی ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر مگر مچھ کے آنسو نہ روئیں۔۔راجہ فاروق حیدر نے اعلان کیا تھا کہ کابینہ میں بارہ سے زائد وزیر نہیں لیے جائیں گے لیکن بارہ کے بجائے ایک سو بار ہ وزیر بنا لیے گئے، وزیر اعظم مرکز سے تصادم چاہتے ہیں تاکہ آزادکشمیر میں اس کے بعد کوئی حکومت بنا کر عوام کی خدمت نہ کر سکے۔راجہ فارو ق حیدر کی حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے۔ان کے ساتھ چلنے والوں سے ہماری کوئی ناراضگی نہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر اور ان کی حکومت فوری طور پر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں مستقل چیف جسٹس صاحبان کا تقررکریں ججز کی کمی کودور کیاجائے تاکہ عوام کو انصاف ملنے میں دیر نہ ہو۔ جولوگ قومی اسمبلی اور سینٹ میں کشمیر یوں کی نمائندگی کی بات کرتے ہیں انہیں تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ان سے پوچھا جائے کہ وہ ایسا کیوں چاہتے ہیں۔ کشمیر ی عوام کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا۔بلوچستان کوصوبہ بنایاگیا،وہاں کے عوام آج اپنے حقوق مانگ رہے ہیں، سندھ کے عوام اپنے حقوق مانگ رہے ہیں ایسے میں کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات مضحکہ خیز ہے۔پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی کارکنان ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ہمارا ماضی، مستقبل اور حال پاکستان کے ساتھ وابسطہ ہے۔علاقے کی نئی نسل تاریخ کے ساتھ اپنے آپ کو مضبوطی کے ساتھ جوڑے، ہم بنیادی نظریاتی عقائد کے ساتھ ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان اور غازی ملت سردا رمحمد ابراہیم خان کا تعارف کروانے کا واویلا کرنے والے پہلے اپنا تعارف کروائیں، غازی ملت اور مجاہد اول کسی تعارف کے متحاج نہیں تھے۔ آزادکشمیر میں تحریک انصاف چلانے والے سیاسی جماعتیں چلانے والے جماعتیں چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں کیونکہ آزادکشمیر کی چند ایک جماعتیں رہ گئی ہیں جن کی انہوں نے صدارت نہیں کی۔مجاہد اول سردار

عبدالقیوم خان کو تحریک آزادی کی بنیاد رکھنے کا شرف حاصل ہوا۔ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کو تاریخ کشمیر سے نکال دیاجائے تو کچھ نہیں بچتا۔سب لوگ اپنی اپنی بات کرنے کا حق رکھتے ہیں لیکن ایسی باتیں نہ کریں جس سے ریاست کا مستقبل خطرے میں پڑھ جائے۔نعرے، نظریات گالیاں دینے کیلئے نہیں ہیں،تاریخ کی موجودگی میں نئی تاریخ لکھنے کی ضرورت نہیں۔سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کا ہر فرد پاکستان کے کسی بھی حصے میں سب سے زیادہ محفوظ ہے جبکہ پاکستان کے اپنے شہریوں کو دوسرے علاقوں میں جانے پر دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کو ایک سازش کے تحت توڑا گیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیر کی بات جب جرات مندانہ طریقے سے کرتے ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے اور ہمارے سر فخر سے بلند ہوجاتے ہیں لیکن جب وزیراعظم کشمیر کی بات پر خاموشی اختیار کریں اپنے موقف پر ڈھیلے پڑھ جائیں تو کشمیری عوام کو مایوسی ہوتی ہے۔کشمیرکی موجودہ پوزیشن پر حریت کا نفرنس کو اعتماد میں لیاجائے۔اداروں کو تباہ کرنے کا سلسلہ فوری طور پرروکا جائے۔آزاد کشمیر میں چپڑاسی سے لے کر سکیل بائیس تک این ٹی ایس، پی ایس سی ہے جبکہ ممبر اسمبلی کیلئے ضروری ہے کہ بندہ گھاس کاٹ سکتا ہو، بجر ی کوٹ سکتا ہو، گاڑی چلا سکتا ہو، گائے، بھینس چرا سکتا ہو، رائے ونڈ کی حکومت نے آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے تمام ممالک اپنے اسمبلی ممبران کی تعلیم کو اپ گریڈ کررہے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں تعلیمی حیثیت کو بھی ختم کر دیاگیا ہے جو کہ انتہائی زیادتی ہے۔ان خیالات کااظہار سردار عتیق احمد خان نے حلقہ نمبر پانچ کے صدر مقام تھوراڑ کے مقام پر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام تقریب حلف برداری اور الحاق پاکستان کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کی صدارت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیر

حکومت مرزا شفیق جرال نے کی۔ اس تقریب سے سردار عتیق احمد خان اور مرزا شفیق جرال کے علاوہ ممبر اسمبلی حلقہ نمبر پانچ صغیر احمد چغتائی،سابق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی اور جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس محترمہ مہر النساء،چیئرمین پارلیمانی بورڈ مسلم کانفرنس سابق وزیر حکومت راجہ یاسین، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان عتیق، مرکزی نائب صدر مسلم کانفرنس سردار طاہر اکرم ایڈووکیٹ، ڈوثیرنل صدر میجر نصر اللہ خان، ضلعی صدر مسلم کانفرنس سردار اظہر نذر خان،سابق ایڈمنسٹریٹر ممبر پارلیمانی بورڈ سردار محمد ارشاد خان، مرکزی رہنما مسلم کانفرنس نشاط اکبر، سنیئر رہنما سردار انور خا ن تھوراڑ، چیئرمین سردار آزاد خان، واجد بن عارف، نو منتخب صدر یوتھ ونگ ضلع پونچھ شاہد عزیز، سابق مرکزی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ سردار طاہر سلطان خان، سردار مظہر لعل داتوٹ،سید مظفر حسین شاہ ایڈووکیٹ، سردار ساجد رزاق داتوٹ، سردار لیاقت خان صدر حلقہ پانچ، عامر رزاق، احتشام سعید کیانی، اورنگزیب عباسی، سعید شاہ، سردار منظور چغتائی، ایاز مغل جنرل سیکرٹری حلقہ، ندیم اکرم، نیئر صدیق سنیئر نائب صدر یوتھ ونگ، سردار شوکت ایڈووکیٹ، اشتیاق عباسی نائب صدر حلقہ چار، واجد حنیف داتوٹ، اجمل رانٹوی، معاویہ ارشد، سردار نذیر خان، محترمہ ریحانہ خان رہاڑہ، راجہ عبدالجبار، حافظ گلفراز، عمران یاسین اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ پروگرام میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قاری عبدالرؤف اور عظمان فدا نے باری باری انجام دیئے۔تقریب میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ حلقہ نمبر پانچ کے نو منتخب ممبران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اس کنونشن میں حلقہ نمبر پانچ اور حلقہ نمبر چار سے آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس سے قبل سردار عتیق احمد خان اور دیگر قائدین جب کنونشن میں پہنچے تو کارکنان اور عوام علاقہ نے ان کا پرتپا ک استقبال کیا۔ ان پر

پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول باجے کی تھاپ پر ان کا استقبال کیاگیا۔کارکنان نے شدید نعرے بازی کی اور قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔ سردار عتیق احمد خان اور ان کے ساتھ آنے والے دیگر قائدین کا ارجہ، بنگوئیں، پانیولہ، پاک گلی، مجاہد آباد، چھپڑی، رہاڑہ، ہورنہ میرہ، کے مقام پر پرتپاک استقبال کیاگیا اور انہیں ایک بہت بڑے جلوس کے ہمراہ جلسہ گاہ تک لایاگیا۔ تقریب میں آنے والے شرکاء کیلئے ماسک اور سینٹائزر رکھے گئے تھے۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور عوام کے مسائل سے پارٹی قیادت بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔آزاد کشمیر میں بانت بانت کی بولیاں بولنے والے موجودہیں ہمیں ان کی طرف توجہ نہیں دینی کیونکہ وہ ہماری توجہ کو دوسری جانب مبذول کروا کر ہمیں اپنے مشن سے ہٹانا چاہتے ہیں۔مسلم کانفرنس کے بغیر اقتدار میں کوئی نہیں جاسکے گا، مسلم کانفرنس نے اڑان بھر لی ہے اب کارکنان کو اچھی خبریں ملیں گی صرف عید تک انتظار کرنا ہوگا۔وزیراعظم پاکستان نے پانچ اگست کے بعد یو این او میں جو تقریر کی اس سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے لیکن اس کا فالو اپ نہیں ہوسکا۔ کارکنان اپنے آپ کو متحد و منظم کریں تو کوئی قوت نہیں جو انہیں ہرا سکے۔ مقررین نے کامیاب کنونشن کے ا نعقاد پر مسلم کانفرنس، مسلم یوتھ ونگ کے تمام کارکنان کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء تقریب کیلئے کھانے کا اہتمام کیاگیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close