اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم عمران خان سے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر کی ملاقات، وزیراعظم نے غریب آدمی کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز تعینات ہونے والے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر کی ملاقات ہوئی، جس میں ملکی معاشی
صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر سے ملاقات میں کہا کہ غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ میں اضافے کی وجہ سے پس رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ غریب آدمی کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کیا جائے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، اس کے علاوہ ملاقات میں ملکی معیشت اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے حماد اظہر کو غریب آدمی کے لیے ریلیف کے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے اور ان کی جگہ وزارت خزانہ کا قلمدان حماد اظہر کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آج کابینہ ڈویژن کی جانب سے حماد اظہر کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن جاری کر دیے جانے کے بعد حماد اظہر ملک کے کم عمر ترین وزیر خزانہ بھی بن گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا تھا کہ حفیظ شیخ کو مہنگائی میں روز بہ روز اضافے کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا۔آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل پیرا ہونے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں ضروری تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی خاطرخواہ اقدامات اُٹھائیںجائیں، یہی وجہ بنی کہ وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو عہدے سے فارغ کر کے ، حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ بنا دیا۔حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنائے جانے کے حوالے سے بھی اہم خبر سامنے آئی کہ کیونکہ انہوں نے اسمبلی میں دو مرتبہ بجٹ پیش کیا، اِس لیے اُنہیں وزارت خزانہ کا قلمندان سونپا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں