لاہور(پی این آئی)پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے یکم اپریل سے نو شہروں اور اضلاع میں ’موثر‘ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔پیر کو کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد لاہور میں نیوز کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ ’یکم اپریل سے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں وبا کو کنٹرول
کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں 11 اپریل تک بند رکھا جائے گا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’یکم اپریل سے شادی ہالوں، انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ماس ٹرانسپورٹ، میٹرو بس اور اورنج ٹرین کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ’صوبے میں کھیلوں اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی جبکہ پارکس بھی بند رکھے جائیں گے۔‘انہوں نے کہا کہ ’اس کے علاوہ شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز شام 6 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی تاہم ہفتے میں دو روز یعنی جمعہ اور سنیچر کو بند رہیں گے۔‘ خیال رہے کہ قبل ازیں یہ پابندیاں وفاقی حکومت کی طرف سے پانچ اپریل سے لاگو کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم پنجاب حکومت نے ان کا اطلاق یکم اپریل سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ یہ لاک ڈاؤن گیارہ اپریل تک جاری رہے گا اور اس دوران کابینہ کمیٹی برائے کورونا کا دوبارہ اجلاس بھی ہو گا اور صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کروانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں 50 فیصد حاضری اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی 50 فی صد سواریوں کے سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔وزیراعلیٰ آفس کے مطابق پنجاب حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے کورونا میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور فوج کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں