آئیں ملکر عثمان بزدار کی حکومت کا تختہ الٹ دیں، مسلم لیگ (ن)کو بڑی پیشکش کر دی گئی

لاہور (پی این آئی ) عثمان بزدار صاحب قسمت کے دھنی ہیں کیونکہ تین سالوں میں جتنی بار ان کی حکومت کے گرنے یا انہیں ہٹائے جانے کی باتیں کی گئی سابقہ دور حکومت میں اتنی بار دعوے شاذ ہی کیے گئے ہوں۔وزیراعظم عمران خان صاحب کو بھی گزارشات کی گئیں کہ پنجاب میں کچھ بھی ڈلیور نہیں ہو رہا اس لیے

عثمان بزدار کو ہٹا دیا جائے مگرعمران خان صاحب کسی کا بھی مشورہ ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہی عثمان بزدار پر بھروسے کا اظہار کیا ہے۔حیرانی کی بات یہ ہے کہ پنجاب کے عوام بھی عثمان بزدار کو تین سالوں میں قبول نہیں کر سکے اور پنجاب میں صورت حال بھی دگرگوں ہی ہے مگر سب سے زیادہ اچنبھے کی بات یہ ہے کہ نہ تو وزیراعظم عمران خان بزدار صاحب کو ہٹانے کے لیے تیار ہیں اور نہ ہی اپوزیشن اکٹھ کر کے بزدار حکومت کو گرانے کے لیے تیار ہے۔پی ٹی آئی کے بھی کئی لوگوں نے بغاوت کی یعنی کہ بزدار حکومت کے خلاف عمران خان صاحب کو فیڈنگ کی اور انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا مگرکوئی بات نہیں بنی جبکہ دوسری طرف پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ن لیگ کو بھی پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں سے اس اتحاد کی آفر دی گئی کہ وہ پنجاب میں حکومت بنا لیں اور ن لیگ اس بات کے لیے کبھی بھی تیار نظر نہیں آئی۔حالانکہ ن لیگ وفاقی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار نظر آتی ہے جہاں پر ان کے پاس سیٹیں بھی پوری نہیں ہیں جبکہ پنجاب حکومت بڑی آسانی سے بنانے کی سکت رکھنے کے باوجود بھی وہ یہ قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہے تو اس کا مطلب یہی ہے کہ عثمان بزدار صاحب قسمت کے دھنی ہیں۔اسی معاملے پرگفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے راہنما حیدر زمان قریشی نے کہا کہ ہم آج بھی ن لیگ کو یہ مشورہ دیں گے کہ وہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر پنجاب حکومت بنا لیں۔انہیں چاہیے کہ پنجاب میں اعتماد کا ووٹ لیں اور بزدار حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ہم ان کے ساتھ ہیں مگر ہمیں حیرت ہوتی ہے کہ ن لیگ پنجاب میں تبدیلی لانے کے لیے کبھی بھی تیار نہیں ہوتی جبکہ ہم نے 2018میں بھی انہیں یہ آفر دی تھی کہ ق لیگ کو ساتھ ملا لیں اور پنجاب حکومت اپنے نام کر لیں۔جب ہم نے شہباز شریف کو آگے لانے کا مطالبہ کیا تھا تب بھی ن لیگ کے ہی لوگوں نے شہباز شریف کی مخالفت کی تھی اور آج بھی ن لیگ یہ بات ماننے کے لیے تیار نہیں ہے اور اس سلسلے میں وہ اپنا ہی نقصان کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں