کل عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) لاہور میں ہر سال میلہ چراغاں بہت دھُوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ یہ میلہ دراصل پنجابی زبان کے مشہور شاعر اور عظیم المرتبت صوفی بزرگ شاہ حُسین لاہوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عظیم صوفی بزرگ کے عرس کے موقع پر لاہور میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس بار بھی

لاہوریوں کو یہ خوش کُن خبر سُنا دی گئی ہے۔حکومت پنجاب نے لاہور میں میلہ چراغاں کے سلسلے میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔باضابطہ سیکشن آفیسر ویلفیئر نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق 27 مارچ بروز ہفتہ کو صوبائی دارالحکومت لاہور میں میلہ چراغاں کے حوالے سے چھٹی ہو گی۔میلہ چراغاں کے حوالے سے یہ مقامی چھٹی ہوگی جس پر تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر بند رہیں گے۔واضح رہے کہ شاہ حُسین لاہوری 1539ء کو لاہورکے ٹکسالی دروازہ میں مقیم مسلمان کے گھر پیدا ہوئے۔ شاہ حُسین لاہوری بچپن سے ہی بہت عبادت گزار اور شرع کے پابند تھے۔ اُنہوں نے مشہور بزرگ شیخ بہلول دریائی کے ہاتھ پر بیعت کی۔ وہ دِن رات ریاضت اور مجاہدے میں مصروف رہتے۔ جوانی میں اُن پر جذب و مستی کی کیفیت طاری ہو گئی۔ جس کے بعد وہ شاعری اور موسیقی کی جانب مائل ہو گئے۔اُن کا صوفیانہ کلام وحدت الوجودی افکار، عشق و حُسن کی سرمستی اور دُنیا کے فانی ہونے کے پیغام سے بھرپور ہے۔ شاہ حُسین کی صوفیانہ کافیاں دُنیا بھر کے ادب میں بلندپایہ مقام رکھتی ہیں۔ شاہ حُسین کا ایک مُرید مادھو تھا جس کا تعلق ہندو گھرانے سے تھا، تاہم وہ شاہ حُسین کی تعلیمات سے متاثر ہو کرہمیشہ کے لیے اُن سے منسوب ہو گیا اور ساری عمر اُن کی خدمت میں گزار دی۔ شاہ حُسین کی وفات کے بعد اُن کا مُرید مادھو لال حُسین اُن کا گدی نشین بنا۔ شاہ حُسین اور مادھو کا لازوال روحانی تعلق ایسی مثال بنا کہ شاہ حُسین، مادھو لعل حُسین کے نام سے ہی مشہور ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں