فریاد سن لی گئی، تنخواہوں میں پچاس ہزار روپے تک کا اضافہ ہو گیا

لاہور (پی این آئی) محکمہ پاپولیشن کی جانب سے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا ، آئندہ ایک سے دو روز میں باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق محکمہ پاپولیشن کی طرف سے کیے گئے اضافے کے بعد ڈاکٹروں کو نان پریکٹسنگ الاؤنس 28 ہزار روپے فی کس ملے گا جب کہ ہیلتھ

پروفیشنل الاؤنس ساڑھے 22 ہزار روپے فی کس دیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے نوٹی فکیشن کے لیے فائل محکمہ خزانہ کو ارسال کردی گئی ، جس کے بعد محکمہ پاپولیشن کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں بھی محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کی تنخواہوں کے برابر ہوجائیں گی ، فیصلے سے محکمہ پاپولیشن کے ڈاکٹروں کا مطالبہ پورا ہوجائے گا۔ دوسری جانب کچھ عرصہ قبل ہی اسلام آباد میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے کیے گئے احتجاج کے بعد وفاقی حکومت نے بھی ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے گریڈ 17 سے گریڈ 21 تک کے طبی عملے کی تنخواہوں کے لیے گرانٹ منظور کی گئی۔بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے منظوری کے بعد وفاقی وزارت صحت نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ، وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 17 سے 18 تک 2018 کی تنخواہ کا 75 فیصد اسپیشل ہیلتھ کیئرالاؤنس ملے گا ، جب کہ گریڈ 19 سے 21 تک 2018 کی تنخواہ کا 50 فیصد اسپیشل ہیلتھ کیئرالاوَنس ملے گا ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملنے والی منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 17 سے 18 تک نان پریکٹسنگ الاوَنس بھی 2018 کی تنخواہ کا 75 فیصد ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں