کورونا وائرس، متاثرہ طبی عملے کے حوالے سے چشم کشا اعداد و شمار

کراچی(این این آئی)وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس)نے پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ طبی عملے کے حوالے سے چشم کشا اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔وزارت کی دستاویز کے مطابق اب تک 14 ہزار 627 ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔دستاویزکے مطابق پاکستان میں کورونا نے 143 ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کی جان لے لی۔اعداد و شمار کے مطابق 14 ہزار 627 میں 8 ہزار 588 ڈاکٹرز اور 2 ہزار 177 نرسیں کورونا وائرس کا شکار بنیں۔دستاویز کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والے دیگر ہیلتھ کئیر ورکرز کی تعداد 3 ہزار 862 ہے، جن میں سے 3 ہزار 624 آئی سی یو میں فرائض انجام دے رہے تھے۔اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی بڑی تعداد کا تعلق سندھ سے ہے، جہاں 3 ہزار 226 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہوئے۔دستاویز کے مطابق پنجاب میں 1944 ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جبکہ خیبر پختون خوا میں 1561، بلوچستان میں 554 ڈاکٹرز وبائی مرض کا شکار ہوئے۔این ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق دارلحکومت اسلام آباد میں اب تک 842 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔دستاویز کے مطابق آزاد کشمیر 338 اور گلگت بلتستان میں 123 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہوئے۔سندھ میں کورونا کے باعث اب تک 53، پنجاب میں 26، خیبر پختون خوا میں 35، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں8، آزاد کشمیر میں 7 ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز کا انتقال ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close