اسلام آباد (پی این آئی) کورونا کی نئی لہر نے ہر طرف رخ کیا ہوا ہے۔آئے روزاتنے زیادہ کیسزسامنے آ رہے ہیں کہ حکومت نے لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرنے کا سوچ رکھاہے جبکہ اس وقت بھی سلیکٹڈ علاقوں میں لاک ڈاؤن چل رہا ہے جبکہ تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے اور اس کے علاوہ مارکیٹس اور تفریحی مقامات
سے متعلق بھی نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں۔ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے اور گزشتہ دنوں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ ویکسین لگوانے کے کچھ دن بعد ہی ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہو گئیں۔جبکہ خاتون اول بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے خود کو قرنطین کر لیا ہے۔اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے سینئر صحافی نے اپنے پروگرام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان کو شفا عطا فرمائے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بیماری کے ان دنوں میں عمران خان کی جگہ پر وزیراعظم کے اختیارات کسے سونپے جائیں گے اور ملکی معاملات کون سنبھالے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اختیار ملک کے سینئر منسٹر کو دیے جاتے ہیں جبکہ عمران خان صاحب نے یہاں پر کسی کو بھی سینئر منسٹر کا عہدہ نہیں دیا ہوااور اب سوال یہ ہے کہ کون سا وزیر یہ معاملات دیکھے گا۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو یہ اختیارات دیے جا سکتے ہیں کیونکہ ا س وقت سینئر منسٹر تو وہی ہیں مگر انہیں سینئر منسٹر کا عہدہ دیا نہیں گیا۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب فٹ ہیں اورانہیں کوئی بھی سنجیدہ نوعیت کی بیماری نہیں ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ وہ کورونا وائرس کو جلد شکست دے دیں گے اور اگر اس وائرس میں کوئی پیچیدگی سامنے آتی ہے تو وہ ان کی عمر کا فیکٹر ہو گا کیونکہ ان کی عمر 68برس ہے تاہم ان کی وِل پاور بہت زیادہ ہے جس بنا پر وہ اس وائرس کو شکست دے دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں