اسلام آباد (آ ن لائن ) اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے کریک ڈاون کا آغاز کیا ، خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ سے زائد کا جرمانہ کیا گیا، مارکیز سیل، 660 دکانیں بند کروا دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 ریسٹورینٹس کو سیل کیا گیا۔ 660 دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کرا دیا گیا۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو مارکیز کو سیل کیا گیا۔این سی او سی کی ہدایات پر عمل کو یقینی بنانے کے لیے 52 سکولوں کا معائنہ کیا گیا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے 28 مساجد کا بھی معائنہ کیا۔اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایک لاکھ سے زائد کا جرمانہ کیا گیا۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 960 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 97 لاکھ73 ہزار 993 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 667 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 26 ہزار 802 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ63 ہزار 058 ، پنجاب میں ایک لاکھ 97 ہزار 177، خیبر پختونخوا میں 79 ہزار 245، اسلام آباد میں 51 ہزار 414، بلوچستان میں 19 ہزار 327، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 609 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 31 ہزار 107 ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 843 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 092 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 852 ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں