نواز شریف،اسحاق ڈار باہر، ہمیں کہتے ہیں استعفے دیں جیل بھی جائیں،پی پی رہنما اعتزاز احسن لیگی قیادت پر برس پڑے

اسلام آباد (پی این آئی)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو نکالا تو پی ڈی ایم اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے گی۔ایک انٹرویو میں پیپلزپارٹی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ لانگ مارچ ملتوی ہونے سے پی ڈی ایم کو دھچکا لگا ہے، یہ پی پی کو پی ڈی ایم سے نکالیں گے تو پچھتائیں گے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز اب تک پی ڈی ایم کو ڈکٹیٹ کرتی تھیں، گوجرانوالہ میں جاکر انہوں نے اعلان جنگ کیا اور کسی کو اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے یہاں تک کہہ دیا کہ ہم پاکستان کھپے نہیں کہیں گے، مریم نواز بھی وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتی ہیں۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کو آصف زرداری کو سننا چاہیے، ہمیں کہتے ہیں استعفے دیں اور جیل بھی جائیں، نواز شریف،اسحاق ڈار باہر بیٹھے ہیں، کم از کم اسحاق ڈار کو ہی بھیج دیں، وہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے تک نہیں آئے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی منتخب ہوگئے اگر گیلانی چیئرمین سینیٹ بن جاتے تو حکومت کو ٹھوکر لگتی۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا نواز شریف آپ پناہ گاہ میں بیٹھے ہیں، پی ڈی ایم میں یہ لوگ ہر بات اپنی کرتے ہیں، پی ڈی ایم میں بلاول کے موقف کو بھی سنا جائے۔‎

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close