آصف علی زرداری نے مریم نواز سے معافی مانگ لی لیکن مریم نواز نے کیا جواب دیا؟ پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے معذرت کرلی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں گرما گرمی ہونے پر سابق صدر نے ن

لیگ کی نائب صدر سے معذرت کرلی ۔ اس پر مریم نواز نے کہا کہ میرے والد کے سامنے مجھے گرفتار کیا گیا، ہم نے نیب کی 100 سے زائد پیشیاں بھگتیں۔ آپ کی بیٹیوں کی طرح ہوں اور گلہ کرنا میرا حق ہے، میں نے آصفہ اور بختاور کی طرح آپ سے شکوہ کیا، میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا، اب بات کو ختم کریں۔خیال رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے استعفوں کو نواز شریف کی واپسی سے مشروط کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں، آپ پلیز پاکستا ن تشریف لائیں، اسمبلیوں سے استعفے دینا عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ان کا کہناتھا کہ پہلی بار نہیں ہو ا کہ جمہوری قوتوں کو دھاندلی کا سامنا کرنا پڑا ہو،ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے لیکن اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے پاکستان نہیں آئے۔ سابق صدر نے کہا کہ مجھے اسٹبلشمنٹ کا کوئی ڈرنہیں، اگر ہمیں جنگ لڑنی ہے تو جیل جانا ہوگا،میں نے اپنی زندگی کے چودہ سال جیل میں گزارے، میں جنگ لڑنے کو تیار ہوں شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے، ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں، نواز شریف لڑنے کے لئے تیار ہیں تو انہیں پاکستان واپس آنا ہوگا۔اس موقع پر اجلاس میں موجود مریم نواز نے آصف علی زرداری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ،ایسے ہی نواز شریف بھی ویڈیو لنک پر ہیں ،نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے ،میرے والد کو جیل میں دو ہارٹ اٹیک ہوئے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود پی ڈی ایم کا ساتھ دیا،پوری مسلم لیگ ن نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفوں کے خلاف تھی ،مسلم لیگ ن نے اتفاق رائے کے لیے دیگر معا ملوں میں آپ کا ساتھ دیا ،پی ڈی ایم کے فیصلوں پر خود بھی عمل کیا اور دوسروں سے بھی کرایا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close