شہباز گل پر سیاہی پھینکنے والا کون اور کام کیا کرتا ہے؟ اس وقت اسکی حالت کیسی ہے اور اسے کہاں رکھا گیا؟ تفصیلات آ گئیں

اسلام آباد(پی این آئی)لاہور ہائی کورٹ میں شہباز گل پر سیاہی پھینکنے والے ن لیگی کارکن میاں عباس کا تعلق لاہور کے علاقے ماڈل کالونی فردوس مارکیٹ گلبرگ سے ہے اور وہ فردوس مارکیٹ کے علاقے میں عباس کیبل نیٹ ورک کے نام سے کام کرتا ہے،کئی سالوں سے ن لیگ کے جلسوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والےن لیگی ورکر میاں عباس خواجہ احمد حسان اور حافظ میاں نعمان کی الیکشن مہم میں کافی سرگرم رہا ہے جبکہ مریم نواز شریف کے جلسوں اور جلوسوں میں بھی وہ شریک ہوتا رہا ہے ۔ڈاکٹر شہباز گل پر سیاہی پھینکنے کے الزام میں گرفتار میاں عباس کو اس کے دو ساتھیوں سمیت پولیس سٹیشن مزنگ میں رکھا گیا ہے۔ن لیگی ورکرز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں ہونے والے تشدد سے میاں عباس کی پسلیاں ٹوٹ چکی ہیں جبکہ بازو بھی فریکچر ہوا ہے تاہم پولیس نے اسے طبی امداد فراہم کرنے کی بجائے تاحال مزنگ تھانے کے ایک کمرے میں بند کیا ہوا ہے جہاں اس کی حالت خراب ہے۔دوسری طرف پولیس ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میاں عباس کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اس کی مرہم پٹی کر دی گئی ہے ،قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close