پشاور (پی این آئی) کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے باعث صوبہ پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی سخت پابندیاں نافذ کردی گئیں ، بازار 8 بجے بند کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر میں وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے صوبہ پنجاب کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا
میں بھی مردان ، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور مالاکنڈ میں بازار رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اس ضمن میں محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ہر قسم کے بازار رات 8 بجے بند ہوجائیں گے تاہم ادویات ، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رکھی جاسکیں گی جب کہ شادی ہالوں اور ریسٹورنٹس میں انڈور تقریبات ، شہر میں ہر قسم کی ثقافتی تقریبات اور کھیلوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی گئی اس کے علاوہ صوبے میں تمام مزارات کو بھی بند کردیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ پبلک پارکس شام 6 بجے بند ہوجائیں گے، حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلوں پر عمل لازمی ہوگا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پنجاب حکومت نے اہم فیصلے کیے ، جن کے تحت صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں سخت ایس او پیز نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد،گجرانوالہ سرگودھا میں سخت ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں تعلیمی ادارے ، پارکس ، ان ڈور شادی ہالز بند رہیں گے ، ان شہروں میں مارکیٹس شام 6 بجے بند کر دی جائیں گی ، مزار ، میلے، کھیلوں کی سرگرمیوں پر 15 دن تک پابندی ہو گی۔ ضابطہ کار ہفتہ ، اتوار کی درمیانی رات سے 15 دن تک لاگو کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں