پی ڈی ایم کی جماعتیں استعفے کب دیں گی؟ حتمی فیصلے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

ڈیرہ اسما عیل خان(آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، تمام جماعتوں کے ممبران اسمبلی کے استعفیٰ اپنی اپنی جماعتوں کے سربراہان کو پہنچ چکے ہیں، پندرہ مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حتمی

فیصلہ کیا جائے گا اور لانگ مارچ کا طریقہ کار ترتیب دیا جائے گا،وہ جامعہ معارف الشرعیہ میں ضلع ڈی آئی خان، ضلع ٹانک کی مجالس شوریٰ اور ضلع ڈی آئی خان کی تحصیلوں کی مجالس عاملہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ایم این اے مولانا اسعد محمود، مولانا فضل الرحمان درخواستی، ممبر صوبائی اسمبلی مولانا لطف الرحمان، سینئر نائب امیر مولانا عبید الرحمان، سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز بلوچ اور ضلعی جنرل سیکریٹری چوہدری محمد اشفاق ایڈوکیٹ ، ضلعی امیر ٹانک مولوی امیر جان بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے وفادار ہیں کسی ایک ادارہ کے وفادار نہیں بن سکتے، ہم نے کبھی بھی مسلک کا فرق نہیں کیا پوری قوم کو ساتھ لیکر چلے ہیں فرقہ واریت میں ہمیشہ ریاستی ادارے ملوث رہے ہیں وہ اپنے مفادات کے لیئے قوم کو ایک نہیں دیکھنا چاہتے، انہوں نے کہا کہ دوہزار آٹھ، دوہزار تیرہ کے الیکشن بھی انجنیئرڈ تھے لیکن ہم نے برداشت کیا اور اسٹبلشمنٹ کو اس حوالے سے سمجھایا کہ اس طرح ملک نہیں چلے گا، لیکن انہوں نے دوہزار اٹھارہ میں پھر وہی کام کیا اور ایک ناجائز حکومت کو جعلی اکثریت کے ساتھ ہم پر مسلط کردیا جو ناقابل برداشت ہے، اس جعلی حکومت کو ہٹانے کے لیئے ہمیں جان و مال کی قربانی دینی ہوگی، ہم زندگی کی بھیک کسی سے نہیں مانگتے یہ اللہ

کے ہاتھ میں ہے ہم نے کبھی کسی ڈکٹیٹر کے آگے سر نہیں جھکایا ، چھبیس مارچ کو پورے ملک سے قافلوں کی روانگی پنڈی اسلام آباد کی طرف ہوگی ، کارکن بھرپورتیاری کریں، یہ آخری معرکہ ہوگا، اس ناجائز حکومت سے جان چھوٹے گی تو عوام کے مسائل حل ہونگے تباہ شدہ معیشت بحال ہوگی، مہنگائی ختم ہوگی اور اداروں کو اپنی حدود کے اندر رکھا جائے گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا لطف الرحمان ایم پی اے، سینئر نائب امیر مولانا عبید الرحمان، مولانا فضل الرحمان درخواستی، چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، مولوی امیر جان نے کہا کہ ہم چھبیس مارچ کو فیصلہ کن اقدام کی طرف جارہے ہیں تمام جمہوریت پسند جماعتوں کے کارکن لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے تاکہ اس سلیکٹیڈ حکومت کا خاتمہ کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ اس دور میں انسانیت کی جتنی تزلیل ہوئی ہے اتنی کسی دور میں نہیں ہوئی، قائد جمعیت نے تمام علماء کی لاج رکھ لی ہے اور ہمیں چاہیئے کہ ہم بھی انکی لاج رکھیں اور لانگ مارچ میں بھرپورتیاری سے شرکت کریں، انہوں نے کہا کہ قائد پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کوئیٹہ سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے براستہ ژوب ڈیرہ اسما عیل خان آئیں گے جہاں انکا بھرپور استقبال کیا جائے گا ڈیرہ اسما عیل خان سے پشاور اور پشاور سے پنڈی اسلام آباد کے لیئے روانہ ہونگے ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close