اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری کی جانب سے بلاول بھٹو پر طنز کو ناقابل برداشت کرتے ہوئے اس معاملہ کو مسلم لیگ (ن) کی قیا دت کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ(ن) کے رہنماء طلال چوہدری کی جانب سے اپنے
ایک ٹوئٹ میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر طنز کرنے کے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے یہ معاملہ فوری طور پر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بنسبت مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حکومت کو نشانہ بناتے ۔ انہوں نے اپنی ہی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی قیادت کو نشانہ بناڈالا ۔ اس سوال کاجواب ملنا چاہیے اور اس کی جامع تحقیقات ہونی چاہئیں اور یہ سامنے آنا چاہیے کہ انہوں نے کس کے کہنے پریہ ٹوئٹ کیا اور ایسا بیان دیا ۔ پی پی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انہیں بخوبی معلوم ہے کہ طلال چوہدری خود ایسا ٹوئٹ نہیں کرتا اور نہ ہی ایسا بیان دیتا ہے بلکہ انہوں نے یہ کسی اور کہنے پر کیا ۔پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری میں اتنی جرات نہیں اور نہ ہی ان کا قد کاٹھ اتنا ہے کہ وہ ایسی بات کرسکے ۔ پی پی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے لئے اپنی قیادت کے خلاف اس طرح کاعامیانہ مذاق ناقابل برداشت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر ہمارا موقف علیحدہ ہے تاہم طلال چوہدری کا اس طرح نشانہ بنانا غلط ہے ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت اس معاملے بارے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور (ن) لیگ کی مرکزی قیادت کو اپنے تحفظات سے باضابطہ آگاہ کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق پی پی نے معاملہ اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے فورم پر بھی
اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس کے حقائق سامنے آسکیں ۔ یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ سینیٹ چیئرمین کے لیے انتخاب ہارنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے ایک ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو طنز کا نشانہ بنا یاتھا۔جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہواتھاجس میں گیلانی کوشکست ہوئی تاہم ووٹنگ کے بعد جیسے ہی نتیجہ سامنے آیا، طلال چوہدری کا حیرت انگیز ٹویٹ بھی چند لمحوں میں سامنے آگیا۔طلال چوہدری نے اپنے طنزیہ ٹویٹ میں لکھا کہ بلاول بھٹو صاحب! نیوٹرل کا مزہ آیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں