کورونا وائرس ملک میں پھیلنے لگا، حکومت نے سفری پابندیاں لگانے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) کورونا وائرس کی تیسری لہر، حکومت کا سفری پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے دوبارہ خطرناک حد تک پھیلاو کے بعد حکومت نے سخت اقدامات اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے سفری

پابندیاں عائد کرنے پر غور کر ہی ہے۔جنوبی افریقہ، برازیل سمیت کئی ممالک سے پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، اس حوالے سے حکومت کی جانب سے جلد اعلان متوقع ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک میں ایک بار پھر بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز پر اظہار تشویش کیا گیا ، اس دوران سربراہ این سی او سی نے کہا کہ کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ سنجیدہ مسئلہ ہے کیوں کہ پاکستان میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، ان میں سے زیادہ کیسز اسلام آباد ، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے سامنے آئے ہیں ، اس کے پیش نظر صوبوں کو سختی سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ضروری ہے کہ تمام صوبے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت ایکشن لیں ، تاہم کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کے لیے تمام فیصلے فریقین کے ساتھ مشاورت سے کیے جائیں گے۔ دوسری جانب مہلک وبا کے دوبارہ خطرناک حد تک پھیلاو کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے کئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ کورونا کے باعث پنجاب میں نافذ پابندیوں اور کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں

کاروباری مراکز شام 6 بجے بند ہوں گے، ہفتے اور اتوار کو کام کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ صوبے کے تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کی پالیسی پر کار بند ہوں گے۔ لاہور،راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ ، گجرات اور فیصل آباد کے ریسٹورانٹس اور کیفے میں انڈور ڈائنگ بند ہو گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور،راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ ، گجرات اور فیصل آباد کے تمام انڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز 15 مارچ سے بند ہوں گے۔ کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز 15 مارچ سے مکمل طور پر بند کر دئیے جائیں گے۔ لاہور،راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ ، گجرات اور فیصل آباد میں سماجی و مذہبی تقریبات کے لیے 50 افراد کی اجازت ہو گی۔7 بڑے شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تمام مزارات ،درگاہیں اور سینما ہالز بھی مکمل طور پر پند ہوں گے۔ تمام تفریحی مقامات اور پارکس کو 6 بجے بند کر دیا جائے گا۔تاہم میڈیکل اسٹور، لیبارٹریاں، کولیکشن پوائنٹس پورے ہفتے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ ، سبزی، تندور، ہپنجلکز ، شاپس ، ورک شاپس، اسپیئر پارٹس، فلنگ پلانٹس ، زرعی مشینری و آلات کی دکانیں اور پٹرول پمپ بھی 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں