سخت ایس او پیز نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مارکیٹیں چھ بجے تک بند کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری

لاہور (پی این آئی ) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پنجاب حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں۔پنجاب کے کئی شہروں میں سخت ایس او پیز نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد،گجرانوالہ سرگودھا میں سخت ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا

گیا ہے۔ ان شہروں میں تعلیمی ادارے ، پارکس ، ان ڈور شادی ہالز بند رہیں گے۔ان شہروں میں مارکیٹس شام 6 بجے بند کر دی جائیں گی۔مزار ، میلے، کھیلوں کی سرگرمیوں پر 15 دن تک پابندی ہو گی۔ ضابطہ کار ہفتہ ، اتوار کی درمیانی رات سے 15 دن تک لاگو کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں ایک بار اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید54 افراد چل بسے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار430 ہوگئی ہےجبکہ ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 18 ہزار 703 ہے، اب تک کورونا کے 6 لاکھ 198 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار 576 ہوگئی جبکہ صوبے میں اب تک 5 ہزار698 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر چیف سیکریٹری نے صوبے میں کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 661 ہو گئی جبکہ صوبے میں اب تک 4 ہزار452 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 75 ہزار 052ہوچکی ہے ۔ صوبے میں2138 افراد چل بسے۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے اب تک 19 ہزار171 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں 202 مریض چل بسے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپرمتاثرہ افراد کی تعداد 46 ہزار 963 جبکہ اموات کی تعداد 520تک جاپہنچی ۔ گلگت بلتستان میں اب تک 4 ہزار 959افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ 104افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close