ا سلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ کابینہ نے پاکستان اور روس کے درمیان نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول کی منظوری دیدی ۔ منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میٹرو بس پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی ۔
کابینہ نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ایکٹ کے مجوزہ قانون کے مسودے کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے مسودہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی منظوری دی۔ اس مجوزہ قانون کے تحت اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ منیجمنٹ (Academy of Educational Planning and Managment) اور نیشنل ایجوکیشن اسیس منٹ سسٹم ( National Education Assessment System) کا انضمام کرکے ایک جدید ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو تعلیمی اداروں کا ڈیٹا بیس اور تعلیمی اداروں کے معاملات کو منظم کرنے میں ذمہ داریاں ادا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سکولوں سے باہر بچوں کے حوالے سے کابینہ نے آئوٹ آف سکول چلڈرن فریم ورک کی بھی منظوری دی۔ اس فریم ورک کے تحت ان تمام عوامل اور محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے باعث بچے سکول نہیں جا پاتے ۔ اس فریم ورک میں آئوٹ آف سکول چلڈرن کو سکولوں میں واپس لانے کے لئے حکمت عملی بھی تجویز کی گئی ہے۔ کابینہ نے سٹیٹ بنک آف پاکستان (ترمیمی) بل 2021کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے اسے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دی۔اس بل کا مقصد سٹیٹ بنک کی آپریشنل اور انتظامی خودمختاری کو یقینی بنانا، دائرہ کاراور اختیارات کو بڑھاناہے۔ کابینہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے سارک کوویڈ 19ایمرجنسی
فنڈ میں مہیا کردہ عطیہ کی تقسیم کے طریقہ کار کی منظوری دی۔ واضح رہے کہ کابینہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے سارک کوویڈ 19فنڈ میں تیس لاکھ ڈالر عطیہ کیے جانے کی منظوری دی تھی۔ فنڈ کے قیام کے وقت یہ طے پایا تھا کہ اس فنڈ کی تقسیم سارک سیکرٹیریٹ کے توسط سے کی جائے گی تاہم بعد ازاں سارک ممبر ممالک کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر ممبر کی جانب سے فراہم کردہ عطیات کی دو طرفہ بنیادوں پر تقسیم کی جائے گی۔ لہذا کابینہ نے اس پاکستان کی جانب سے سارک فنڈ میں دیے جانے والے عطیے کی نئے طریقہ کار کے مطابق تقسیم کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی۔ کابینہ نے نیپرا ٹریبیونل میں ممبر فنانس کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے سفارش کردہ امیدواروں کی اہلیت و تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے پیش کی جانے والی تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ کابینہ نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس آرڈیننس کے تحت شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کے بورڈ آف گورنر ز کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز لائسنسز کے حوالے سے 41نئے لائسنسز کے اجرا، 07کی تنسیخی، 05کے تبادلے اور دائرہ کار کے ایک کیس کی منظوری دی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائنٹ کی جانب سے اب تک گیارہ لاکھ لوگوں کو بیرون
ملک بھجوایا گیا ہے۔ کابینہ نے اعزاز احمد کو منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دی’’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میںایک شہری کی جانب سے دائر کردہ ایک رٹ پٹیشن کے حوالے سے کابینہ نے اس رائے کا اظہار کیا کہ چونکہ اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کی واضح رائے موصول ہو چکی ہے کورونا وائرس کی صورت میں باری تعالی کی جانب سے تنبیہہ ہوئی ہے جو رجوع اللہ کا تقاضہ کرتی ہے لہذا کورونا کے حوالے سے یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ کورونا وباء ہے احتیاط جس کی شفا ہے۔ کابینہ نے محترمہ فوزیہ خان کو پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی میں ڈپٹی ڈائیریکٹر جنرل (فنانس) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ براڈ شیٹ ایوارڈ کمیشن آف انکوائری کے چئیرمین جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید نے بطور چئیرمین کسی قسم کا مشاہیرہ لینے سے انکار کر دیا ہے ۔ کابینہ نے ان کے فیصلے کو سراہا کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے 03فروری2021اور 22فروری2021کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 11فروری 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 19فروری 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔٭ کابینہ نے مجوزہ State
Owned Enterprises (Governance and Operations) Bill 2021کے مسودے کی منظوری دی۔ کابینہ نے طارق رشید کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے مجوزہ انکم ٹیکس ( دوسری ترمیم) بل 2021کے مسودے کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور روس کے درمیان نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول کی منظوری دی۔ کابینہ نے قومی ادارہ صحت کے بورڈ آف گورنر ز کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈریپ کو کوویڈ 19ویکسین کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی ۔ یہ قیمت قانون کے مطابق طے شدہ فارمولے کے مطابق مقرر کی جائے گی۔کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر شیخ اختر حسین کو ہٹانے کی منظوری دی۔ کابینہ نے عاصم رئوف کو ڈریپ قانون کے مطابق عارضی طور پر سی ای او ڈریپ تعینات کرنے کی منظوری دی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں