لاہور پولیس ونگ پتنگ بازی کے خلاف متحرک ، 55پتنگ باز وں سے 524پتنگیں، 05چرخیاں،30پنی ڈوراور13گچھی ڈور برآمد

لاہور (آن لائن) ڈی آئی جی آپریشنز لاہورساجد کیانی نے کہاہے کہ پتنگ بازوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ شہر کی بلند عمارتوں پر پولیس جوان تعینات کئے گئے ہیں جو پتنگ بازی کی اطلاع فوری اپنے علاقے کی پٹرولنگ ٹیموں کو دیں گے۔ ساجد کیانی نے کہاکہ پتنگ بازی

کی روک تھام کیلئے مساجد و امام بارگاہوں میں اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس افسران کی جانب سے تعلیمی اداروں میں طلباء کو آگاہی لیکچرز بھی دیئے جارہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ واضح ہدایات دی گئیں ہیں کہ کسی بھی تھانہ کی حدود میں پتنگ بازی کی شکایت موصول ہوئی تو اس علاقے کے تھانہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لاہور پولیس آپریشنز ونگ پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متحرک نظر آ رہی ہے ۔گذشتہ روز55پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 524پتنگیں، 05چرخیاں،30پنی ڈوراور13گچھی ڈور برآمد کی گئی ۔ساجد کیانی نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو دوسروں کی زندگیوں سے نہ کھیلنے دیں، شہری اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خونی شوق سے دور رکھیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہری ہماری آنگھیں ہیں، پتنگ بازی کرنے والوں کی اطلاع ایمرجنسی15پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع دینے والے شہری کو پولیس کی طرف سے انعام بھی دیا جا ئے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں