سینیٹ الیکشن میں کرپشن، تحریک انصاف کے وزرا کا تحقیقات کا مطالبہ

پشاور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے وزرا نے الزام عائد کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کرپشن ہوئی ہے اور ساتھ ہی استفسار کیا ہے کہ کیا یوسف رضا گیلانی کو فرشتوں نے ووٹ ڈالا ہے؟، وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناہے کہ وزیراعظم الیکشن کی شفافیت کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، عدم

اعتماد کا مطالبہ کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں جبکہ صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں آج جمہوریت کے ساتھ مذاق ہوا ہے،جمہوریت کے نام نہاد چیمپئن پیسے کے زور پر ایوان میں آتے ہیں،یوسف رضا گیلانی کو پیسے کے زور پر کامیاب کرایا گیا، آئندہ سینیٹ الیکشن کے اوپن انعقاد کے لیے اب قانون سازی ہونی چاہیے،الیکشن کو شفاف بنانے کا وقت آگیا ہے،گیلانی کی کامیابی کو چیلنج کریں گے،تحقیقات ہونی چاہئیں،خیبر پختونخوا میں منڈیاں لگانے والوں کو ناکامی ہوئی، سینیٹ الیکشن میں کرپشن کا خاتمہ ہر صورت میں ضروری ہے۔بدھ کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز اور صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کا سینیٹ الیکشن کے حوالے سے خدشہ سچ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان الیکشن میں شفافیت کے لیے کوشاں ہیں۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے اقتدار میں آکر اداروں کو مفلوج کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن مافیا سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان اور خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست کا خاتمہ ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم الیکشن کی شفافیت کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا مطالبہ کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فرازنے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے ویڈیو کی تحقیقات کا مطالبہ پہلے ہی کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نہ کسی دباو میں آئے ہیں اور نہ آئیں گے۔صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے نااہل قراردیا ، جمہوریت کی چیمئن بننے والی پارٹی نے پیسے لگا کر اسے ایوان بالا تک پہنچا دیا ، ہم نے ووٹ چیلنج کئے ہیں ، بہت جلد ان کے خلاف عدالت جائیں گے ،سینیٹ الیکشن میں پیسہ لگایا گیا ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیئے ، پیسہ استعمال کرنے والی پارٹیوں پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے ، اس حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مذاق زیادہ دیر نہیں چل سکتا ،یہاں بات نہیں کرتے ،جیت جائیں تو جمہوریت کی فتح ہے ہار جائیں تو دھاندلی ہوئی ہے ،ہمیں انتخابی نظام کو شفاف بنانا ہوگا ، عوام بھی اس حوالے سے دبائو ڈالے ،جولوگ ووٹ کیلئے پیسہ استعمال کرتے ہیں ان پر پابندی لگائی جائے ، ہمارے ووٹ مسترد ہوئے ہیں ہم اس کی تحقیقات کرائیں گے ،یوسف رضا گیلانی کو کس کس نے ووٹ دیا اس کی تحقیقات بھی کرانی چاہیے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں