کراچی(پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی حکمت عملی نے وزیراعظم عمران خان کو بند گلی میں کھڑا کردیا ہے،سینیٹ میں سندھ اور وفاق میں کامیابی حاصل کرکے تبدیلی سرکار کو سرپرائز دیں گے،سینیٹ میں اوپن ووٹنگ کے لئے
آئین میں دو تہائی اکثریت سے ترمیم صرف پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے عدالت نہیں،امید ہے کے عدالت اس متعلق نظریہ ضرورت کو جنم نہیں دے گی،سینیٹ الیکشن کے بعد ملک میں مشاورت سے تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل تین ماہ کے لئے نگران حکومت قائم کی جائے، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کرائے اور جو جماعت اکثریت حاصل کرے، اس کو حکومت بنانے دی جائے۔سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کے حکومت سے اتحادی جب اتحاد کر سکتے ہیں تو اتحاد سے دستبردار بھی ہو سکتے ہیں،اس لئے تمام اراکین کو ان کو ضمیر کے مطابق آئین کے تحت ووٹ دینے کا حق حاصل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کو ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب سینیٹ میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،پی ٹی آئی کے اراکین اور اتحادی وفاقی حکومت سے بے زار ہوچکے ہیں، اس لئے سینیٹ انتخابات سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان اپنے اقتدار کی کرسی ھلتے دیکھ رہے ہیں۔نثار کھوڑو کا کہنا تھا کے تبدیلی سرکار کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے، سینیٹ کے بعد عمران خان کا حشر بھی آمر پرویز مشرف جیسا ہوگا، مصنوعی اکثریت کے سہارے اب عمران خان اور تبدیلی سرکار مزید زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتی، حکومت کو سہار ادینے والے اتحادی اور دیگر قوتیں اب عمران خان کو مزید کندھا دینے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کے ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل قبل از وقت انتخابات اور جمہوری حکومت کا قیام ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں