تحریک انصاف سندھ نے سینیٹ الیکشن کے لیے جماعت اسلامی کی مدد طلب کر لی

کراچی(این این آئی)پی ٹی آئی کے دورکنی وفد جس میں سینیٹ میں امیدوار سیف اللہ ابڑو کے علاوہ فداحسین نیازی نے ہفتے کے روز ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 3مارچ کو ہونے والے سینٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پی ٹی آئی کے امید وار کو ووٹ دینے کی

درخواست کی ۔جماعت اسلامی نے وفد کو بتایا کہ مرکز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ،نائب امراء راجا عارف سلطان ،مسلم پرویز،سکریٹری کراچی منعم ظفر خان سے ملاقات کی اور سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی ۔ ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوام کے مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی امور اور سیاسی حالات پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں پر زور دیا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اقدامات اور فیصلے کیے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے ۔دریں اثناء گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے)کے رہنما پیرپیر صدر الدین شاہ راشدی اور سردار رحیم نے بھی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر مسلم پرویز سے ملاقات کی اور سینیٹ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ، کراچی و اندورن ِ سندھ کے حالات اور عوام کی حالت ِ زار پر گفتگو کی گئی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو بتایا کہ مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا

جائے گا کہ سینیٹ انتخابات میں کس کی حمایت کی جائے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close