کراچی سے اندرون ملک مسافروں کی مشکلات، ایک ہی نشست کی ڈبل بکنگ، بوگی ٹرین سے غائب

کراچی (این این آئی) پاکستان ریلوے کے ناقص انتظامات کے باعث کراچی سے اندرون ملک روانہ ہونے والے مسافروں کوآئے روز کینٹ اسٹیشن پران گنت مسائل کا سامنا ہے،ایک ہی نشست کی ڈبل بکنگ کی شکایت کے بعد بک شدہ بوگی ٹرین سے غائب ہونے کا معاملہ سامنے آگیا ہے،شاہ حسین ایکسپریس کے 43 مسافروں نے

ریلوے کی ناقص کارگردگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انجن کے سامنے دھرنا دے دیا،مسافروں کا مسئلہ حل کرنے کی بجائے پولیس سے حراساں کرنے پرٹرین کے باقی مسافربھی ریلوے انتظامیہ کے خلاف شریک احتجاج بنے تو ریلوے انتظامیہ راہ راست پرآگئی۔کراچی سے اندرون ملک سفرکرنے والے مسافروں کے ساتھ کراچی کینٹ اسٹیشن پرسفرکے لیے روانگی کے موقع پرپیش آنے والے مسائل نے ریلوے حکام کی ناقص کارگردگی عیاں کردی ہے اورکراچی سے روانگی کے منتظرمسافروں کو آئے روزمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بدھ چوبیس فروری کوکراچی سے براستہ فیصل آباد لاہورکے لیے روانہ ہونے والی شاہ حسین ایکسپریس میں ایڈوانس آن لائن بکنگ کرانے والے مسافرجب کینٹ اسٹیشن پرپہنچے تو پلیٹ فارم پرلگنے والی ٹرین سے بوگی نمبر3 غائب تھی جس پرغائب بوگی کے 43 مسافروں نے انجن کے سامنے جمع ہوکر احتجاج شروع کردیا۔دوسری جانب کینٹ اسٹیشن ریلوے انتظامیہ نے ایڈوانس بکنگ کرانے والے مسافروں کا مسئلہ حل کرنے کی بجائے ان کے خلاف طاقت کے استعمال اورمعاملے کودبانے کے لیے پولیس کا استعمال کیا جس پرایڈوانس بکنگ کرانے والے مسافرمشتعل ہوگئے جبکہ ٹرین میں سواردیگرمسافروں نے بھی ریلوے کی غلفت اور لاپروائی کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس کے باعث 43 اپ شاہ حسین ایکسپریس کی روانگی تاخیرکا

شکارہوگئی ۔ کراچی سے فیصل آباد کے لیے روانہ ہونے والے ایک مسافرکا کہنا تھا کہ انہوں نے 15 روزقبل کینٹ اسٹیشن سے بکنگ کرائی تھی مگرجب وہ مقررہ تاریخ اوروقت پرآج ٹرین میں سفرکے لیے اسٹیشن پہنچے تو ٹرین سے ایکسٹرابوگی نمبر3 غائب تھی ریلوے انتظامیہ کی توجہ اس سنگین غلطی کی جانب مبذول کرانے پرپہلے پیشکش کی گئی کہ اپنے پیسے واپس لے لیں مسافروں کے انکارپرریلوے عملہ غائب ہوگیا اورمسافروں کی جانب سے احتجاج پران کی بات سننے اورمسئلہ حل کرنے کی بجائے ہمیں خوفزدہ کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھیج کرمعاملہ دبانے کی کوشش کی گئی جس سے مسافرمشتعل ہوتے ہوتے رہ گئے اورٹرین کے بقیہ مسافروں کی مداخلت پریہ کہہ کرٹرین میں سوارکرایا گیا کہ دوران سفرمسافروں کوایڈجسٹ کریں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی سے پشاوراورسکھرکے لیے روانہ ہونے والی خیبرمیل ایکسپریس اورسکھرایکسپریس کے مسافروں کیساتھ بھی اسی قسم کا واقعہ رونما ہوا تھا اورمسافروں کے احتجاج کے باعث ٹرین آپریشن تاخیرکا شکارہوا تھا۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close