مسجد وزیر خان میں وفاقی وزیر کی سرپرستی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص ، اشرف آصف جلالی نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا مساجد کو ناچ گھر بنانے والوں کو قہر خداوندی سے ڈرنا چاہیے۔ مسجد وزیر خان میں وفاقی وزیر کی سرپرستی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص پاکستان کے اسلامی تشخص پر سوالیہ نشان ہے۔

مساجد بنات کعبہ ہیں، ان کی بے حرمتی کعبۃ اللہ کی طرف لوٹتی ہے۔ مسجد وزیر خان کے تقدس کی بار بار پامالی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ جیسے مساجد اسلامی شعائر ہیں، ایسے ہی اُن کا تقدس بھی دین اسلام میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ مسجد وزیر خان اللہ کا گھر ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ کا اہم ورثہ بھی ہے۔ مساجد کی تعظیم اہل ایمان کا شعار ہے۔ مسجد وزیر خان میں ڈھول ڈھمکے، میوزک اور ناروا طرز عمل سے اُمت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ وزارت اوقاف کی غفلت کی بنیاد پر آئے دن بادشاہی مسجد، مسجد وزیر خان اور دیگر تاریخی مقامات پر فحش فلموں کی شوٹنگ کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیار کر چکا ہے۔ حکومت مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی میں شریک ایک وزیر سمیت ہر ہر شخص کو نشانِ عبرت بنائے اور اس کے تمام ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close