جمعہ تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کر دی گئی

مکہ معظمہ(پی این آئی) سعودی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں خوب بارش ہو گی۔قومی مرکز موسمیات کے مطابق مکہ، مدینہ، حائل ، ریاض ، مشرقی ریجن، قصیم اور کئی ساحلی مقامات پر پہلے تیز ہوائیں چلیں گی اور پھر گرج چمک کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں درمیانے

درجے کی بارش ہو گی۔جبکہ تبوک ، الجوف اور حدود شمالی کے ریجنز میں برف باری ہو گی۔بارشوں کا یہ سلسلہ آج بُدھ کے روز سے جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ان بارشوں سے مملکت کا درجہ حرارت کم ہو جائے گا۔ آج کے روز سب سے زیادہ سردی طریف میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ ہو گا جبکہ 33ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ شرورةمیں گرمی سب سے زیادہ ہو گی۔ الجوف، تبوک، مشرقی ریجن اور حدود شمالیہ میں سارا دن تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔سعودی ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال میں واقع ‘اللوز’ پہاڑی سلسلے پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے جا سکتا ہے۔ یہاں پر درجہ حرارت 22 منفی درجے سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close