چاہتے ہیں عوام کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے ان کی قیمت نہ لگائیں، حکومت نے کرپشن کو روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں عوام کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے ان کی قیمت نہ لگائیں ، حکومت نے کرپشن کو روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، امیدواروں کی نامزدگی میں شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر

پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی ، جس میں سینیٹ انتخابات سمیت پارلیمانی امور پرمشاور ت کی گئی۔بابر اعوان نے قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن بارے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا، ملاقات میں معاشی استحکام کی کوششوں بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بابراعوان نے کہا کہ ملک میں پہلی بار شفاف انتخابات کیلے قدم اٹھا یا گیا، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد خفیہ ووٹنگ کا جواز نہیں رہتا۔عدالتی فیصلوں اور معاملات کی روشنی میں چیزوں کو آگے لے کرجائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امیدواروں کی نامزدگی میں شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھا گیا۔ حکومت نے کرپشن کو روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، چاہتے ہیں عوام کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے ان کے ووٹ کی قیمت نہ لگائیں ۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں کہا کہ ہم نے اپوزیشن کا پہلے کبھی پریشر لیا نہ آئندہ لیں گے، سینیٹ الیکشن میں باآسانی کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے پی ڈی ایم کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بہترین امیدواروں کو سینیٹ ٹکٹ دیے ہیں، ارب پتی لوگوں کو سینیٹ ٹکٹ دینے کی روایے توڑ دی۔ ایم این ایزاور ایم پی ایز کے تمام گلے شکوے دورکریں گے، ارکان اسمبلی کے تحفظات کے باجود پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج معاشی اعشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ 49 فیصد کم کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں