پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس، حکمراں جماعت کے حق میں بڑا فیصلہ، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے اکاونٹس کی تفصیلات دینے کی اکبر ایس بابر کی درخواست مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی

ہے۔ الیکشن کمیشن میں ہوئی سماعت کے دوران درخواست گزار اکبر ایس بابر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی رہنما ہونے کے دعویدار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ حکمراں جماعت کے اکاونٹس کی تفصیلات فراہم کیا جائیں۔ اس درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اکبر ایس بابر کو اکاونٹس کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے۔اسکروٹنی کمیٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ دستاویزات فراہم کرنےسےمتعلق پہلے بھی فیصلے دے چکے، تمام رکارڈ کا اجلاس کے دوران ہی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ یہ فیصلہ دینے کے بعد الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے تحریک انصاف اور اکبرایس بابر کو 15 فروری کو طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کیخلاف 6 سال سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔اکبر ایس بابر کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف کو بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ ہوئی، ان کے پاس اس کے شواہد بھی موجود ہیں۔ اکبر ایس بابر نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف مختلف حربوں کے استعمال سے اس معاملے کو 6 سال سے لٹکاتی آ رہی ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ اکبر ایس بابر اپوزیشن جماعتوں کی پشت پناہی سے حکمراں جماعت پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے آ رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے اپنے اکاونٹس کی تفصیلات اکبر ایس بابر کو فراہم کرنے کی بار بار مخالفت کی ہے، اور اب الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے بھی حکمراں جماعت کے حق میں ہی فیصلہ سنا دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close