وکلا ہنگامہ آرائی، اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتیں دوسرے روز بھی بند ، ایف آئی آر میں نامزد وکلاء کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری

اسلام آباد (این این آئی) گزشتہ روز وکلا کی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتیں دوسرے روز بھی بند رہیں جبکہ سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وکیلوں کی جانب سے ہائیکورٹ میں کی گئی توڑ پھوڑ کے دوسرے روز بھی

عدالتی نظام مفلوج ہے۔ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کسی بھی مقدمے کی سماعت نہیں ہورہی۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسلام آباد ہائی کورٹ کے اندر اور باہر سیکورٹی سنبھالنے ہوئے ہے، اس کے علاوہ ریڈ زون اور سپریم کورٹ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے پر بکتر بند گاڑی کھڑی کردی گئی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد کے رمنہ پولیس اسٹیشن میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت 30 سے زائد وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نامزد وکلا کی گرفتاری کیلئے کارروائی بھی کررہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے ترجمان کی جانب سے وضاحتی اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور کچہری بند نہیں کی گئی، عدالتیں غیرمعینہ مدت تک بند کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور تمام ججز اپنے چیمبرز میں موجود ہیں، وکلا کی ہڑتال کے باعث سائلین کو آگاہ کرنے کے لئے کاز لسٹ منسوخ کی گئی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ اور کچہری کی تمام عدالتیں (آج) بدھ کو کھلی ہوں گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close