پی ڈی ایم اتحاد کو بڑا دھچکا لگ گیا، پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے اتحاد کرنے سے معذرت کر لی

اسلام آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر انتخابات پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے لڑنے کا معاملہ ، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے ن لیگ سے مل کر الیکشن لڑنے سے معذرت کرلی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آزاد کشمیر کی قیادت سے تجاویز مانگی تھیں ۔ جس پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے مؤقف اپنایا ہے

کہ کشمیر میں اصل مقابلہ ہی ن لیگ سے ہے ، ان سے سیاسی اتحاد کیسے کرلیں ؟ ۔آزاد کشمیر کی 33 نشستوں پر سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے ۔ پی پی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر سیاسی اتحاد یا ایڈجسٹمنٹ پر بات ہو سکتی ہے ۔ دوسری جانب میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت سب سے بڑے ایوان سینیٹ کے الیکشن کو متنازع بنانا چاہتی ہے، جیسے قومی اسمبلی کے الیکشن متنازع ہوئے تھے، حکومت نے ترمیم اسمبلی میں پیش اور آرڈیننس بھی لے آئی ہے، جس سے الیکشن متنازع ہوگا، ووٹنگ کا حق خفیہ ہونا چاہیے، یہ حق اس لیے ہے کہ ہرشہری مکمل محفوظ سمجھے کہ اس پر کوئی دباؤ نہ ڈال سکے، چاہے کوئی بھی الیکشن ہو، شہری کو سیکرٹ بیلٹ کا حق آئین دیتا ہے، لیکن آج ہمارے سیکرٹ بیلٹ پر حملہ کیا جارہا ہے۔پاکستان کی تمام جماعتیں سینیٹ سمیت الیکٹورل ریفارمز کی حامی ہیں۔ حکومت کو انتخابی اصلاحات کی پہلے بات کرنی تھی، ان کو امید تھی کہ سینیٹ میں ان کو فری ہینڈ ملے گا، جب ان کو پتا چلے پی ڈی ایم ان سے مقابلہ کرے گی، ان کو پتا ہے کہ ان کے ایم این ایز اور ایم پی ایز ناراض ہیں، حکومت کو اپنے ممبران پر اعتماد نہیں ہے، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں پی ٹی آئی کے ممبران اوپن ووٹ میں بھی ان کو ووٹ نہیں دیں گے، نالائق حکومت سینیٹ الیکشن فکس کرنا چاہتی ہے، آرڈیننس کے ذریعے آئین میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی ، ہمیں امید ہے کہ ہماری عدالت اجازت نہیں دے گی ، کورٹ میں صدارتی ریفرنس چل رہا ہے اب ہم سندھ حکومت کے ذریعے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کاصدارتی آرڈیننس کو چیلنج کریں گے۔خدانخواستہ اگر یہ سازش کامیاب ہوئی تو پاکستان کے انتخابات، جمہوریت پر بہت بڑا حملہ ہوگا۔اگر عدالتوں اور ایوان صدر سے قانون پاس ہونے تو پارلیمنٹ کو بند کردیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی مارچ کیلئے پی ڈی ایم مکمل طور پر تیار ہے، 26مارچ کو عوام اپنے حقوق کیلئے باہر نکلے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان سے متفق ہوں۔لانگ مارچ اسلام آباد یا پنڈی کی طرف کرنا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، پنڈی پہنچنے سے پہلے ہماری قوت نظر آجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close