وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، سعودی عرب میں کوروناوائرس کے یومیہ کیسز بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں یومیہ کرونا کیسز کی تعداد 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ایک ماہ قبل تک خلیجی خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں خوشخبری سنائی جا رہی تھی کہ سعودی عرب نے کرونا

وائرس کو تقریباً شکست دے دی۔ سعودی عرب میں کئی ہفتوں سے یومیہ 300 سے کم کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔کچھ ہفتے قبل مملکت میں برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود ملک میں کرونا کیسز کم ترین سطح پر آگئے تھے۔ تاہم اب منگل کے روز سعودی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں ایک مرتبہ پھر کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔نومبر 2020 کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب میں 300 سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 310 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔ یوں مملکت میں اب تک 6 ہزار 383 افراد مہلک وبا کے باعث جاں بحق ہو چکے۔ جبکہ 270 مریضوں کی صحتیابی سے 97 فیصد یعنی 3 لاکھ 59 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے۔ اس وقت سعودی عرب میں کل 2 ہزار 111 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 371 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد عائد کرونا پابندیاں آہستہ آہستہ نرم کی جا رہی ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔سعودی حکومت رواں سال 31 مارچ سے کرونا سفری پابندیاں ختم کرنے کا ارادہ رکھتی تھی، تاہم خطے میں دوبارہ سے کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے سعودی حکومت نے اس فیصلے کو 17 مئی تک موخر کر دیا ہے۔ سعودی عرب میں 17 سے بین الاقوامی پروازیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی، جبکہ اسی روز سے مملکت کی تمام زمینی اور سمندری سرحدیں بھی کھول دی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں