اسلام آباد(پی این آئی)سعودی حکام کی جانب سے کورونا وائرس میں اضافے کے سبب ایک بار پھر مملکت میں غیر ملکیوں کے داخلے پر جزوی پابندی لگانے کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے یک طرفہ پروازیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’مسافروں
کی آسانی اور انہیں سعودی عرب سے پاکستان واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی پروازیں جاری رکھی جائیں گی جبکہ جو مسافر پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں پر بُک تھے ان کی بکنگ پابندی کے خاتمے تک ملتوی کی جارہی ہے۔‘ خیال رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے کورونا وائرس کی نئی لہر سامنے آنے کے بعد پاکستان سمیت بیس ممالک سے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کا اطلاق جمعے کی رات 9 بجے سے ہوگا۔پاکستان کے علاوہ انڈیا، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور ترکی سمیت 20 ممالک سے آنے والے غیر ملکیوں پر سعودی عرب میں داخلے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’پابندی ختم ہوتے ہی تمام بکنگ کو ابتدائی پروازوں پر بحال کردیا جائے گا ۔’پابندی کے اطلاق سے قبل پی آئی اے کی سیالکوٹ دمام، ملتان تا مدینہ اور اسلام آباد تا ریاض کی پروازیں معمول کے مطابق چلیں گی۔‘ سعودی عرب نے پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہریوں پر پابندی لگا دی سعودی عرب نے 20 ممالک سے آنے والے غیر ملکی شہریوں کے ملک میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی لگادی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے یہ پابندی عارضی طور پر لگائی گئی ہے جس کا اطلاق بدھ 3 فروری کو رات 9 بجے سے ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق پاکستان ، متحدہ عرب امارات ، جرمنی ، امریکہ ، انڈونیشیا ، اٹلی ، برازیل سے سعودی عرب آنے والے شہریوں پر ہوگا ، جب کہ برطانیہ ، ترکی ، جنوبی افریقہ ، فرانس ، لبنان ، مصر ، بھارت اور جاپان کے شہریوں پر بھی ملک میں داخلے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ہیلتھ پروفیشنلزاور سفارتکاروں سمیت عام غیرملکی شہریوں اور ان کے خاندان پر بھی ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں