حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، پی ٹی آئی نے ڈونرز کی تفصیلات جمع کرا دیں

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی، پی ٹی آئی نے ڈونرز کی تفصیلات جمع کرا دیں، اب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو حساب دینا ہے، نوازشریف نے سیاست میں پیسے کا کلچر متعارف کروایا، اسامہ بن لادن سے بھی پیسا لیا،

سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن ترمیم کی مخالفت کرکے بےنقاب ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی معاشی، سینیٹ الیکشن اور پی ڈی ایم کی تحریک سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فارن فنڈنگ، سینیٹ الیکشن اور قبضہ مافیا کےخلاف ایکشن پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں قبضہ مافیا کےخلاف سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے ذریعے نوازشریف نے اپنی اے ٹی ایم بنائی۔کھوکھر برادران ن لیگ کے اے ٹی ایم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے کوئی غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی۔ تحریک انصاف نے 40 ہزار سے زائد ڈونرز کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔ فارن فنڈنگ میں دوسری جانب سے کسی ڈونر کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں اب الیکشن کمیشن کو حساب دیں۔ نوازشریف سیاست میں پیسا لائے اور اسامہ بن لادن سے پیسے لیے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات شفاف بنانے کیلئے ترمیم کررہے ہیں۔ اپوزیشن ترمیم کی مخالفت کرکے خود کو بےنقاب کررہی ہے۔ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی۔ ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختوخوا اپنے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے ۔وزیراعظم پاورڈویژن کی کارکردگی سے متعلق کہا کہ گردشی قرضوں میں اضافہ ہورہا ہے، بجلی کی مد میں نقصانات کا خمیازہ بلوچستان کے عوام پر بھگتنا پڑرہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close