پولیس پروموشن میں میرٹ نافذ کرنے کا اعلان، آئی جی پنجاب کا 15دنوں میں کانسٹیبل سے ایس پی رینک تک خالی آسامیاں پروموشنزکے ذریعے پُر کرنے کا حکم

لاہور(این این آئی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ تمام اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں خالی آسامیوں پر افسران واہلکاروں کی تعیناتی کیلئے میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقیوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ خالی آسامیاں پُر ہونے سے پیشہ ورانہ امور مزید عمدگی سے سر انجام پائیں جبکہ

ساتھ ہی ترقی کے اہل فرض شناس اور قابل افسران و اہلکاروں کو محکمانہ پروموشن بھی مل جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اگلے 15دنوں کے اندر کانسٹیبل سے ایس پی رینک تک تمام خالی آسامیوں کو پروموشنز کے ذریعے پُر کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور تمام اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں پروموشن بورڈز اجلاس منعقد کرکے محکمانہ ترقیوں کے بعد نئی تعیناتیوں کا عمل بھی جلد از جلدمکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تمام فیلڈ یا یونٹ سربراہان خالی آسامیوں پر ترقیوں کا عمل مکمل کرکے16فروری تک ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو سرٹیفیکیٹ دیں گے جس میں متعلقہ ضلع یا فیلڈ یونٹ میں خالی آسامیوں پر افسران واہلکاروں کی ترقیوں کے بعد سیٹیں پُر ہونے کی تفصیل درج ہوگی۔یہ ہدایات انہوں نے وائرلیس پیغام میں صوبے کے تمام آر پی اوز،یونٹ سربراہان، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت تمام کمانڈ افسران کو جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو تاکید کی کہ خالی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے افسران ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مختلف اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں خالی آسامیوں پُر ہونے سے سپرویژن اور آپریشنز سمیت تمام پیشہ ورانہ امورمیں مزید بہتری آئے گی اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کے علاوہ جرائم پیشہ عناصرکے قلع قمع کا عمل بھی مزیدتیز ہوجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ

سروس ڈلیوری کے عمل کو مزید موثر اور شہریوں کیلئے آسان بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں