کوروناوائرس کی نئی لہر شدت اختیار کر گئی، سعودی عرب نے 31 مارچ سے فلائٹ آپریشن کی بحالی موخر کر دی، سرحدیں کھولنے کی نئی تاریخ دیدی گئی

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب نے 31 مارچ سے فلائٹ آپریشن کی بحالی موخر کر دی، کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد مملکت کی فضائی، بحری اور بری سرحدیں اب 17 مئی 2021 کو کھولی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی اور دنیا کے دیگر ممالک میں کرونا وائرس کے دوبارہ پھیلاو کی وجہ سے سعودی عرب

کی حکومت نے مملکت کا فلائٹ آپریشن بحال کرنے اور زمینی و بحری سرحدیں 31 مارچ سے کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی لہر کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ مملکت کا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن اب 31 مارچ کی بجائے 17 مئی کو بحال کیا جائے۔ جبکہ مملکت کی زمینی اور بحری سرحدیں بھی 17 مئی کو ہی کھولی جائیں گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کرونا وائرس پر بہت حد تک قابو پا چکا، اسی باعث کچھ روز قبل سعودی حکومت نے مملکت میں عائد سفری پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ تقریباً ایک سال سے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے بیرون ممالک آزادانہ سفر کرنے سے محروم شہری اب بیرون ملک سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس حوالے سے سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ مملکت میں تمام ائیر لائنز بدھ 31 مارچ کی صبح6 بجے سے آمد و رفت کا آغاز کرسکتی ہیں۔سعودی عرب میں 31 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں کی مکمل طور پر بحالی کے علاوہ اسی روز سے مملکت کی تمام زمینی اور سمندری سرحدیں بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم اب اس فیصلے کو موخر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کو تقریباً ایک سال کا عرصہ ہو چکا۔ کچھ ماہ قبل سعودی حکومت نے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کی اجازت دی تھی، جبکہ زمینی سرحدوں کو بھی جزوی طور پر کھول گیا تھا۔ تاہم کرونا پابندیوں کو تاحال مکمل طور پر ختم نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں