حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن ووٹنگ کے تحت کروانے کی ٹھان لی، آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کیلئے درکار آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سینیٹ میں آئینی ترمیم لانے کیلئے وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے ترمیم کیلئے قانونی ٹیم کو بل تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس

کے مطابق وزیراعظم اورکابینہ کی ہدایت کے بعد قانونی ٹیم نے بل کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی اصولی منظوری کے بعد وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو بھی اعتماد میں لے لیا۔ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے، پارلیمنٹ کے موجودہ یا آئندہ اجلاس میں آئینی ترمیم لائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے حکومت اپوزیشن سے بھی بات کرے گی جبکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ سینیٹ کی اوپن ووٹنگ پر میثاق جمہوریت میں اتفاق کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کررکھا ہے جس کی سندھ حکومت نے مخالفت کی ہے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے حمایت کی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قومی اسمبلی کی حکمت عملی طے کی گئی ہے قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیم لارہے ہیں ،اراکین کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،گزشتہ روز بھی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو شکست دی ہے ۔50 سے زائد بلز اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود پیش ہوئے ۔کوشش ہے اسمبلی کا اجلاس زیادہ وقت تک چلے ۔ پارلیمنٹ چلے گی تو حکومت بھی چلے گی،اپوزیشن پارلیمنٹ آئے نہ آئے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close