پی ڈی ایم کے استعفے کہاں ہیں؟ وفاقی وزیر نے اپوزیشن سے سوال کر دیا

ٹیکسلا(پی این آئی)وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ ملائشیا میں پکڑے گئے پی آئی اے طیارے پر آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ ہو جائے گی، بلاول بھٹو کی سوچ کو سراہتے ہیں، جمہوریت میں جمہوری راستے ہی اپنانے چاہئیں، شیطان کبھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) اور کبھی ایم آر ڈی کی

صورت میں ہوتے ہیں، پی ڈی ایم والے استعفی دے رہے تھے، کہاں ہیں اُن کے استعفے؟ کیسزختم کرنے کیلئے یہ لوگ منتیں ترلے کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ اپوزیشن کو حکمرانی کا 3، 3بار موقع ملا، اِنہوں نے اپنی اولادوں کا سوچا،کہا جاتا ہے پی آئی اے میں ہماری غلطیوں سے مسائل میں اضافہ ہوا، انسان ہیں اور ہم سے غلطی ہو سکتی ہے لیکن ہم نے عوام کاخون نہیں چوسا، پی آئی اے کا 462 ارب کاخسارہ کن کے پیٹوں میں گیا؟ ایک ہزاربندوں کو جعلی ڈگریوں اورسفارشی نوکریاں کس نے دیں؟ جعلی لائسنس والا سوزکی نہیں چلاسکتا یہاں جہاز چلائے جارہے تھے، لوگوں کی جان بچانے کی غرض سے جعلی لائسنس والوں کیخلاف آواز اٹھائی، ہمارا مینڈیٹ ہی ا حتساب کاہے، ملک کولوٹنے والوں کاحساب ہم نے کرنا ہے، تخت لاہور کے ڈرامہ بازکوہم نے پکڑا ،طیارے پر آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ ہوجائے گی اور جلد ہی طیارہ ریلیز ہوجائے گا۔انہوں نےاپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ احتجاج کرنے کے بجائے الیکشن ریفارمز کے لیے مل کرکام کرے، نیب قوانین میں ترمیم نہ کرنے پر سارے چور اکھٹے ہو گئے، سینیٹ میں عدم اعتماد کی تحریک میں بھی منہ کی کھانا پڑے گی، ان کااحتساب بھی جاری رہے گا،حکومت 5سال پورے بھی کرے گی، ان کامستقبل جیلیں ہیں اور ان کا انجام بھی یہی ہے، بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو ضرور لائیں، پارلیمنٹ کے باہر مقابلہ کیا ہے اور پارلیمنٹ کے اندر بھی مقابلہ کریں گے، ہم عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close