راولپنڈی(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کنٹرول لائن پر تاریخ ساز قربانیاں دے رہے ہیں ہندوستان تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد اب سیز فائر لائن پر نہتے شہریوں پرغصہ اتار رہا ہے جس کی وجہ سے اس کا مکروہ
چہرہ دینا بھر میں بے نقاب ہوچکا ہے۔ ان خیالات کااظہار قائدمسلم کانفرنس نے گزشتہ روز ہندوستانی فوج کی طرف سے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ پر شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے بار بار سیز فائر لائن معاہدے کی خلاف ورزی کسی بھی وقت خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ ہندوستان مسلسل کشیدگی کا ماحول بنا رہا ہے جس سے حالات کسی بھی وقت قابو سے باہر ہوسکتے ہیں اور خطے کا امن تباہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری ہندوستان کو سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور نہتے شہریوں کو شہید کرنے جیسے جنگی جرائم کو رکونے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اپنی پوسٹوں کے قریب مسلمانوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کررہا ہے جو ایک بزدل اور گھناؤنے دشمن ہونے کی دلیل ہے۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کی موجودگی میں ہندوستان ایسے ناپاک عزائم کی تکمیل نہیں کرسکتا جب بھی ہندوستان نے ایسی کوشش کی تو منہ کی کھانا پڑے گی۔ہندستان کئی ہزارمرتبہ سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ہندوستان ایک ایسا ہٹ دھرم ملک ہے جو نہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی بین الاقوامی قوانین کو مانتا ہے اور نہ ہی دوطرفہ معاہدوں کا احترام کرتا ہے۔بین الاقوامی برادری نے مجرمانہ
خاموشی جاری رکھی تو تاریخ بھی معاف نہیں کریگی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں