واشنگٹن(پی این آئی)امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے پہلے ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کے اندیشے کے پیش نظر اتوار کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کو گھیرے میں لے لیا۔ ٹرمپ کے حامی ان کے اس بے بنیاد دعوے کہ ان
سے الیکشن چھینا گیا پر یقین رکھتے ہیں۔امریکہ کی ایک درجن سے زائد ریاستوں نے اپنی سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لیے نیشنل گارڈز کو متحرک کیا ہے۔ یہ اقدام ایف بی آئی کی جانب سے مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔سکیورٹی حکام کے مطابق اتوار متوقع مظاہروں کے حوالے سے پہلا فلیش پوائنٹ ہے کیونکہ ہفتوں پہلے حکومت مخالف ’بوگالو‘ تحریک نے تمام 50 ریاستوں میں مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔ان ریاستوں کے دارالحکومتوں میں جہاں ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا خصوصی ہائی الرٹ ہے۔اتوار کی دوپہر تک سینکڑوں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور صحافیوں کی موجودگی میں چند مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے تھے۔لمبی رائفلیں تھامے کچھ مسلح مظاہرین مشی گن کے دارالحکومت میں نظر آئے جن میں سے ایک نے ٹرمپ کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ان میں سے ایک ’بوگالو بوائز موومنٹ‘ سے منسلک ڈنکن لمپ تھے جن کا کہنا تھا کہ الیکشن فراڈ تھے۔ تاہم ان کے مطابق وہ آج لڑنے کے لیے باہر نہیں نکلے ہیں۔’میں تو اس لیے باہر نکلا ہوں کہ پرامن اور متحدہ حکومت مخالف موقف کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔‘ لمپ کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد لیفٹ اور رائٹ کو متحد کرنا ہے۔اٹلانٹا میں کئی سو قانون نافذ کرنے والے افسران اور نیشل گارڈز کے اہلکار جارجیا کے سٹیٹ ہاؤس کے گرد چکر لگاتے رہے۔بعض
ریاستوں بشمول پنسلوانیا، ٹیکساس، کنٹکی میں پولیس کی تعیناتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اضافی اقدام کے طور پر ریاستی کیپیٹل کے علاقوں کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔خیال رہے بدھ کو نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن غیر معمولی سکیورٹی میں واشنگٹن میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چھ جنوری کو واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد ملک بھر میں غیر معمولی سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔امریکہ میں نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل تمام ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران ممکنہ مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے متنبہ کیا ہے کہ تمام ریاستوں میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے مسلح احتجاجی مظاہرے ہوسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں