نیب کھل کر میدان میں آگیا، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف شواہد ملتے ہی دبنگ اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اپنے بھائی کی کمپنی اور اس کے بینک اکاؤنٹس استعمال کیے،نیب کسی پراپیگنڈے کی بنیاد پر دباؤ میں نہیں آئے گا۔قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے خلاف بعض رپورٹس میں

بدنیتی پر مبنی مہم چلائی جا رہی ہے، یکطرفہ میڈیا مہم کا مقصد نیب کو بطور ادارہ بدنام کرنا ہے، میڈیا مہم میں استعمال ہونے والا مواد بے بنیاد اور اندازوں پر مبنی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب بارہا یہ باور کرا چکا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی تمام تر وابستگی ریاست پاکستان کے ساتھ ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب ملک کی سب سے بڑی اینٹی کرپشن ایجنسی ہے، نیب کو انسداد بدعنوانی اور لُوٹی گئی رقم کی ریکوری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس کے تحت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب افسران کیخلاف تحقیقات کا اعلان کر دیا، سینیٹ آف پاکستان اور نیب کا مقابلہ قرار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نیب کے افسران کیخلاف تحقیقات کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، اب یہ مقابلہ سلیم مانڈوی والا اور نیب کا نہیں ، سینیٹ آف پاکستان اور نیب کا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والانے کہا کہ نیب کی جانب سے ایسی کارروائیوں کے بعد نیب مزید بدنام ہو رہا ہے۔اب ان کی باتوں کو عوام نے بھی سنجیدہ لینا چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کیخلاف تحقیقات کے لیے ہم نے سینیٹ اجلاس بلانےکیلئے ریکوزیشن تیار کرلی ہے۔سینیٹ اجلاس ہر صورت بلایا جائے گا،سینیٹ اجلاس میں نیب سے متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو بلایاجائےگا ۔ان تمام افراد کیخلاف تحقیقات ہوں گی جو بے گناہ لوگوں کو تنگ کرتے رہے ہیں۔ نیب کے

افسران کی ڈگریوں اور اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں گی ۔سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ اب نیب اور سلیم مانڈوی والا کا مقابلہ نہیں رہا ، اب یہ معاملہ سینیٹ آف پاکستان اور نیب کے درمیان ہے۔نیب کے اسٹاف کی ڈگریاں چیک کی جائیں گی۔پہلی بار نیب کی تحقیقات ہوں گی،اثاثہ جات دیکھے جائیں گے۔نیب کی حرکتوں کو روکنا ضروری ہوگیا ہے ۔ نیب کی تحقیقات سینیٹ کرے گا، اور ہم دیکھیں گے کہ کون تحقیقات کو روکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے حوالے وزیراعظم کو خط لکھا ہے،آرمی چیف کو بھی لکھوں گا۔ ان کو بھی تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ہر حالت میں بےنقاب کروں گا۔نیب کے لوگ سب کو گرفتارکرلیں کوئی فرق نہیں پڑتا،نیب نے ہماری عزت پر حملہ کیا تو ہم نیب کے خلاف ہر سطح پر جائیں گے۔ سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ اجلاس سے متعلق کہا کہ جلد سینیٹ اجلاس بلوایا جائے گا۔ سینیٹ کسی ایک فرد کیلئے کام نہیں کرے گی۔ پاکستان کے ہر فرد کو سینیٹ اور کمیٹیوں میں بلائیں گے۔ جب تحقیقات ہوں گی تو سب کے سامنے ہوگی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں