انڈونیشیا میں شدید زلزلہ متعددعمارتیں تباہ، جانی نقصان

اسلام آباد(پی این آئی )انڈونیشیا میں شدید زلزلہ سے متعدد عمارتیں گر گئیں، بڑے جانی نقصان کا اندیشہ ۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے سلاویسی جزیرے میں شدید زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں ہلاک افراد کی تعداد 34 ہو گئی جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو ریکٹر سکیل پر چھ اعشاریہ دو شدت کے

زلزلے نے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ اس دوران سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔زلزلے کا مرکز انڈونیشیا کے شمال مشرقی شہر مجینے سے چھ کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلہ سات سیکنڈز تک محسوس کیا گیا تاہم اس سے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ علاقے کے رہائشی محفوظ مقامات کی جانب بھاگ رہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو مقامی افراد نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ماموجو شہر میں مقیم ایک صحافی سدرمان سامیول نے روئٹرز کو بتایا کہ کئی عمارتیں بری طرح تباہ ہو گئی ہیں جن میں شاپنگ مال اور دو ہوٹل بھی شامل ہیں جبکہ مغربی سلویسی میں گورنر کے دفتر کی عمارت بھی گر گئی ہے۔شدید زلزلے کے جھٹکوں سے چند گھنٹے قبل اسی ضلع میں پانچ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس سے کئی مکانات تباہ ہو گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں