کورونا کی دوسری لہر خطرناک، یورپی ملک کے ڈاکٹروں کی یونین نے لاک ڈائون میں توسیع کا مطالبہ کر دیا

برلن (این این آئی )جرمنی میں کورونا وبا کی شدت کے باعث ملک میں دس جنوری تک نافذ لاک ڈائون کی مدت بڑھانے کے مطالبے زور پکڑ رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن ڈاکٹروں کی یونین نے بتایاکہ صحت کے ملکی نظام پر موجودہ دبا کم کرنے کے لیے لاک ڈائون کی مدت بڑھانا ناگزیر ہے۔

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ساڑھے بارہ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران دو سو چالیس افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر سترہ لاکھ ساٹھ ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جب کہ چونتیس ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔۔۔۔۔

کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں تیزی آنے لگی، وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں تیزی آ رہی ہے۔ اور جہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں مجموعی طور ہر ہسپتالوں میں آدھے سے زیادہ وینٹی لیٹرز بھی بھر چکے ہیں اور کچھ ہسپتال ایسے بھی ہیں جہاں اب کوئی بھی وینٹی لیڑ خالی نہیں رہا ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب کےمطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں ميں کورونا کی تشویشناک صورتحال سے دوچار 181 مریض وینٹی لیٹرز پر منتقل کیے گئے اور صوبے کے سرکاری ہسپتالوں ميں دستياب وينٹی ليٹرز ميں سے نصف سے زائد پر مریضوں سے بھر چکے ہیں۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث لاہور، راولپنڈی، گجرات اور فيصل آباد کے ہسپتالوں ميں مریضوں کی تعداد میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے۔ لاہور کے سروسز ہسپتال کے

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ان کے ہسپتال میں اب کوئی بھی وینٹی لیٹر خالی نہیں بچا۔جبکہ جناح ہسپتال لاہور میں 75 فيصد وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں جبکہ میو ہسپتال کے 73 فیصد وينٹی ليٹرز پر مریض موجود ہیں۔جبکہ دیگر بڑے ہسپتالوں کی بھی یہی صورتحال ہے۔ محکمہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چند دن میں اگر کورونا کی وبا پر کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ مزید پھیل سکتی ہے۔ اور ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی کے باعث اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36390 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2155افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 55 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.8 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرتے ہوئے 10047 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 77240 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 37080 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4619 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 430113 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close