تصدیق کردی گئی، سعودی وزیر خارجہ جنوری 2021 میں پاکستان کا دورہ کریں گے

ریاض (آئی این پی)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے وفد کے ہمراہ جنوری 2021 میں پاکستان کا دورہ کی تصدیق کردی گئی ۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔دوسری جانب

سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ جنوری میں پاکستان آئیں گے۔غالب امکان ہے2021 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی وہ پہلی غیر ملکی شخصیت ہوں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں اپوزیشن کی جانب سے خارجہ پالیسی پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے وزیراعظم، وزیر خارجہ یعنی میرے اور دفتر خارجہ کے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسی خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آرہا ہے جس میں ان کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی۔ یہ سب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان پر کوئی دبا نہیں۔ پاکستان کا موقف واضح ہے اور ساری دنیا کے سامنے ہے۔سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو دنیا میں اہمیت ہی اس لیے دی جاتی ہے اور ان تعلقات کی پہچان ہی یہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تسلسل کے ساتھ اعلی سطح کے دوروں کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمہ وقت مختلف شعبوں میں اعلی سطح کے دوروں پر بات چیت جاری

رہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کی تاریخوں کا فی الحال تعین نہیں کیا گیا، جوں ہی تاریخوں کا تعین ہوگا اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان آنے والے وفد میں سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز کے صاحبزادے سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان بھی شامل ہوں گے۔اس دورے میں پاکستان میں سعودی آئل ریفائنری لگانے کے معاملے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ دیگر شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح اور مستقبل میں اسے فروغ دینے کے حوالے سے باہمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سعودی وزیرخارجہ دورہ پاکستان کے دوران صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر سیاسی رہنماں سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں مشرق وسطی سمیت خطے کی تازہ ترین صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close