ن لیگ کے دونوں ارکان قومی اسمبلی نے سیکرٹری قومی اسمبلی کے سامنے اپنے استعفوں کو جعلی قرار دے دیا

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے 2 ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کردیا۔ بدھ کو مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان سیکرٹری قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوئے اور دونوں نے استعفوں کو جعلی قرار دے دیا۔ارکان کا کہنا تھا کہ انھوں نے قیادت کو استعفے بھیجے تھے پتا نہیں قومی

اسمبلی تک کیسے پہنچ گئے جبکہ دونوں ارکان اسمبلی نے اپنا تحریری جواب اسپیکر آفس میں جمع کرایا ۔خیال رہے کہ محمد سجاد اعوان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 تورغر جبکہ مرتضی جاوید عباسی این اے 15 ایبٹ آباد ون سے مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی مرتضی عباسی اور سجاد اعوان کے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کوموصول ہوئے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دونوں کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کیا تھا۔مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی تردید کی تھی اور کہا تھاکہ مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کرائے تھے، امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوادیے ہیں۔۔۔۔

ن لیگ میں ہوں اور پارٹی میں ہی رہوں گا، باغی رکن نے اعلان کر دیا

شیخوپورہ(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ وہ ن لیگ میں ہیں اور پارٹی میں ہی رہیں گے۔ بدھ کو شرقپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی جلیل

شرقپوری کا کہنا تھا کہ میں اب بھی مسلم لیگ (ن) میں ہوں اور پارٹی میں ہی رہوں گا۔جلیل شرقپوری نےاپنے علاقے سے منتخب ن لیگی ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کو چیلنج کیا کہ وہ استعفی دے کر ان سے مقابلہ کریں۔واضح رہے کہ ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے پارٹی قائد نواز شریف کی جانب سے ستمبر میں ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کی گئی تقریر پر تنقید کی تھی جس کے بعد سے ان کے مسلم لیگ ن سے تعلقات خراب ہوگئے اور انہوں نے متعدد بار پارٹی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔بعدازاں انہوں نے دیگر ممبران کے ساتھ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جس پر ن لیگ کی جانب سے انہیں پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔گذشتہ دنوں میاں جلیل شرقپوری نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو مشروط استعفیٰ بھجوایا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں