اسلام آباد (آئی این پی )مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان جب کشمیر کا مقدمہ ہارتا ہے تو اس کا زخم پاکستان پر لگتا ہے ،بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پر وار کیا اور عمران خان تماشہ دیکھتے رہے ، جب ووٹ کی طاقت سے کوئی حکومت میں آتا ہے تو مودی جیسا آدمی خود
چل کر اس کے پاس آتا ہے ،فوج ہمارا ادارہ ہے ، فوج کے خلاف بولنے پر اگر مقدمہ بنانا ہے تو عمران خان کے خلاف بنائیں ،ہم عمران خان کی ویڈیوز عدالت لیکر جائیں گے آزادکشمیر کے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی مہم کی قیادت کروں گی، نواز شریف اور مریم نواز کا دل اس وقت لہو لہان ہوجاجاتا ہے جب کشمیریوں پر ظلم ہوتا ہے ،اپنے والد نواز شریف اور راجہ فاروق حیدرخان سے دلیری سیکھی ہے آزادکشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے نوا ز شریف اور پاکستان کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیا ، میری رگوں میں کشمیری خون دوڑتا ہے ، کشمیریوں کیلئے نواز شریف کا پیغام لیکر آئی ہوں جب نواز شریف کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنا کر انہیں وزیر اعظم کی کرسی سے ہٹایا گیا تو اس وقت آزادکشمیر میں راجہ فاروق حیدرخان کی حکومت ڈٹ گئی اور نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہوئی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،5فروری2018کو جب نواز شریف کے ساتھ مظفرآباد آئی تو اس وقت کشمیریوں کی اپنے لیے محبت دیکھ کر مجھے کشمیریوں سے اور بھی محبت ہو گئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کومسلم لیگ کے یوم تاسیس کے موقع پر جموں وکشمیر ہائوس میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان ، مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، چوہدری طارق فاروق،
شاہ غلام قادر، چوہدری محمد عزیز نے بھی خطاب کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بھارت نے جب 5اگست 2019کو کشمیر پر ڈاکہ ڈالا تو میں نے مظفرآباد آنا تھا لیکن مجھے گرفتار کر لیا گیا لیکن اس جلسہ میں راجہ فاروق حیدرخان نے میری کرسی پر میری تصویر رکھی وہ بھی مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہم سب کو فخر ہے کہ ہما راتعلق ایسی جماعت سے ہے جو نہ صرف پاکستان کی خالق جماعت بلکہ اس جماعت نے اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو نواز شریف کے ہاتھوں ایٹمی طاقت بنایااور اس جماعت نے پورے پاکستان اور آزادکشمیر کے کونے کونے کو ترقی سے سجایا ور سنورا۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان میں ہر جگہ نواز شریف نظرآرہا ہے ۔ وہ نواز شریف جس نے لوگوں کو شعور دیا ، آج نواز شریف کے مخالف بھی نواز شریف کی زبان بول رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ضرورت پاکستان کو اس لیے ہے اس کے نظریے کے پیچھے پاکستان کی خدمت کی داستان ہے ،ایٹمی دھماکے ، بہترین معیشت ، عوام کو ریلیف سمیت ہر چیز اور ہر کونے میں نواز شریف کی خدمت کا نشان ہے ۔نواز شریف پر مقدمہ بنائے گئے فتوے لگائے گئے لیکن عوام نے ان سب کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں اور آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ نواز شریف پر لگائے گئے تمام الزامات عمران خان خود جھوٹے
ثابت کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ یہی ہے کہ پاکستان کے عوام پر ذمہ داری ہے کہ حکومتوں کو وہ لائیں اور واپس لیکر جائیں ۔ حکومت کرنا عوامی نمائندگوں کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے کہاتھا کہ حکومت چلانا تمہارا کام نہیں ہے تو آج تین سال بعد کہتا ہے کہ مجھے حکومت کی سمجھ نہیں آتی، جب تمہیں یہ پتا نہیں کہ حکومت کیسے چلانی ہے تو بائیس کروڑ عوام کی زندگیوں سے کیوں کھیل رہے ۔عمران خان خودا پنے منہ سے اعتراف کررہا ہے کہ میںنالائق ہوں ، نااہل ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم کل احسن اقبال کے گھر میٹنگ میں موجود تھے کہ اس کے بعد اچانک خواجہ آصف کو گرفتار کر لیا گیا اگرعمران خان تم یہ سمجھتے ہو کہ مسلم لیگ ن کے شیر ان ہتھکنڈوں سے ڈر جائیں گے کان کھول کر سن لو تمہارا ہر ظلم پہلے سے بڑھ کر تقویت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز ایک تقریر کرتی ہے تو 48گھنٹے ان سلیکٹڈ حکمرانوں کی دوڑیں لگ جاتی ہیں۔ فوج ہمارا ادار ہ ہے ، فوج کے خلاف بولنے پر اگر مقدمہ بنانا ہے تو عمران خان کے خلاف بنائیں ،ہم عمران خان کی ویڈیوز عدالت لیکر جائیں گے ۔پاکستان کی عوام مطالبہ کرتی ہے تو عمران خان کے خلاف بھی غداری کا مقدمہ چلایا جائے ۔ نواز شریف نے اپنے دور میں دو دہشتگردی کے خلاف دو جنگیں لڑی ہیں ، دہشتگردی کے خلاف ضرب عضب اور رد الفساد لڑی نواز شریف
کے دور میں لڑی گئی اور نوازشریف نے اس وقت تجوریوں کے منہ کھول دیے تھے ۔ آج معیشت تباہ ہے نواز شریف کے دور میں سیاچن پر کھڑا فوجی بھی خوش تھا کہ اس کے گھر میں بچوں کی فیسوں کیلئے پیسے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج عمران خان کے دورمیں وطن کے دفاع کیلئے کھڑے فوجیوں کو ایک ہی فکر کھا ئے جارہی ہے کہ گھر کا چولہا نہیں چل رہا۔ ایسی نالائق حکومت آئی ہے جب تاریخ میں پہلی بار فوجیوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں۔ یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدرخان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے کشمیری عوام کا وکیل اور ترجمان بن کر مقدمہ لڑا اور قائد اعظم کا سپاہی بن کر پاکستان کا پرچم سربلند رکھا ۔ جب تک مسلم لیگ ن کا ایک بھی شیر اس ملک میں زندہ ہے کشمیر کا کوئی سودا نہیں کر سکتا۔ ہم لڑیں گے ہمارے بچے لڑیںگے۔ جموں وکشمیر کے عوا م کو آزادی لیکر دیں گے ۔ ہمارے قائد نواز شریف نے کال دی ہے کہ کشمیر کی آزادی تک پوری پاکستانی قوم آپ کی جنگ لڑے گی ، آپ کی پشت پر رہیں گے اور بڑی سے بڑی قربانی دیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ڈھاکہ میں مسلم لیگ کی بنیاد رکھی گئی تھی ، وہ بیج جس کو جنوبی ایشیاء میں ہمارے بزرگوں نے بویا اس بیج کی آبیاری علامہ اقبال اور قائد اعظم نے کی ۔ یہ
مسلم لیگ کا کمال تھا کہ قائد اعظم کی قیادت تھی اور قوم کی قربانی تھی کہ 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا ، پاکستان کسی جنگ سے نہیں بلکہ ووٹ کی طاقت سے حاصل کیا گیا تھا اور قائد اعظم نے کہا کہ پاکستان مضبوطہ اور خوشحال ہوگا اگر اسے آئین سے چلایا جائے گااور ووٹ کی طاقت سے چلایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اب ہم نے پاکستان کو تباہ نہیں ہونے دینا ۔ نیازی کو پاکستان کی حکومت سے جدا کرنا ہے ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں